بشارالاسد کی اپنے ماموں زاد سے رسا کشی‘ وزیر اور گورنر برطرف

151

دمشق (انٹرنیشنل ڈیسک) شامی آمر بشار الاسد اور ان کے ماموں زاد رامی مخلوف کے درمیان جاری محاذ آرائی کی وجہ سے ملک کی اہم شخصیات کو عہدوں سے ہاتھ دھونا پڑ گئے ہیں۔ عرب ٹی وی کے مطابق صدر بشارالاسد نے مبینہ طورپر رامی مخلوف کو کاروباری سہولیات فراہم کرنے کے الزام میں 2 اہم شخصیات کو ان کے عہدوں سے برطرف کردیا۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ بشار الاسد نے وزیر تجارت وتحفظ صارفین عاطف نداف کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا ہے جب کہ ایک دوسرے فرمان میں حمص کے گورنر طلال برازی جو سرکاری نیوز ایجنسی سانا کے سربراہ بھی تھے کو بھی ان عہدوں سے ہٹا دیا ہے۔ سابق وزیر تجارت نے اچانک حکم جاری کیا تھا جس کا مقصد اسمارٹ کارڈز کی برآمد کنندہ تکامل کمپنی کو حکومت کے کنٹرول والے علاقوں میں روٹیوں کی فراہمی سے روکنا تھا۔ عرب ٹی وی کے مطابق مختلف خبروں سے پتا چلا ہے کہ سابق وزیر تجارت کی صدر اسد کے ہاتھوں برطرفی کی وجہ تکامل کمپنی کی جانب سے روٹی کی تقسیم میں مداخلت بنا، جس نے ایک طرف محمد مخلوف اور ان کے بیٹے رامی مخلوف کی صدر بشارالاسد کے ساتھ جاری محاذ آرائی کو عیاں کیا اور دوسری طرف خاتون اول اسما الاسد کے ساتھ ان کے اختلافات کو بھی نمایاں کردیا۔ اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ تکامل کمپنی کے شیئرز کاایک بڑا حصہ اسما الاسد کے ایک قریب عزیز کی ملکیت ہے۔ رامی مخلوف کے والد محمد مخلوف کی طرف سے اس شیئرہولڈر کی شناخت ظاہر کرنے کا مقصد اسد رجیم کے لیے ایک نئی مشکل کھڑی کرنا تھی۔ اس پر برطرف وزیر تجارت نے تکامل کمپنی کو اسمارٹ کارڈز کے ذریعے خوراک کی تقسیم میں مداخلت سے باضابطہ طورپرروک دیا تھا۔ اس کشمکش میں وزیر تجارت کی برطرفی کے ساتھ رامی مخلوف کی کمپنی این ٹی این کے چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز کو بھی برطرف کرنے کی اطلاعات ہیں۔