پی سی بی نے ندیم خان کو ڈائریکٹر ہائی پر فارمنس مقرر کردیا

118

لاہور(جسارت نیوز)سابق ٹیسٹ اسپنر ندیم خان کو تعیناتی کے ایک مربوط عمل سے گزرنے کے بعد پی سی بی کا ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس مقرر کردیا گیا۔ندیم خان ان 16 امیدواروں میں شامل تھے جنہوں نے اس عہدے کے لیے درخواست دی تھی۔ اقبال قاسم(چیئرمین کرکٹ کمیٹی)، وسیم اکرم (رکن کرکٹ کمیٹی)، ڈیوڈ پارسنز (سابق ڈائریکٹر پرفارمنس انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ) اور وسیم خان (چیف ایگزیکٹو پی سی بی) نے ان کا انٹرویو کیا۔ندیم خان نے اپنی تقرری کے فوری بعد قومی سلیکشن کمیٹی کے کوآرڈینیٹر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ۔ ڈائریکٹر اکیڈمیز مدثر نذر اور ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ آپریشنز ہارون رشیدکی اسامی خالی ہونے کے بعد نو تعمیراتی عمل کے تحت ڈائریکٹرہائی پرفارمنس کا نیا عہدہ تخلیق کیا گیا۔دونوں عہدیداروں کی مدت ملازمت 31 مئی کومکمل ہورہی ہے۔پی سی بی کو یقین ہے کہ نیا نظام کھیل اور کھلاڑی کے لیے مفید ثابت ہوگا۔اس تقرری کے تناظر میں ندیم خان ،معین خان کرکٹ اکیڈمی کے قیام اور یو بی ایل اسپورٹس اکیڈمی کی کامیاب بحالی اورمالی معاملا ت کا تجربہ رکھتے ہیں۔ندیم خان کے دور میں یو بی ایل کرکٹ ٹیم قائداعظم ٹرافی 16-2015 کے فائنل میں ر سائی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ انٹر ڈیپارٹمنٹل ون ڈے کپ 18-2017جیتنے میں کامیاب رہی تھی۔ ایک کامیاب ایڈمنسٹریٹر بننے سے قبل50 سالہ ندیم خان نے 87-1986 تا 03-2002 تک فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلی۔انہوں نے 2 ٹیسٹ، 2 ایک روزہ اور 153 فرسٹ کلاس میچز کھیلے۔