لاک ڈائون متاثرین کی مدد کیلئے فیڈر نڈال اور جو کووچ بھی اعصام کا ساتھ دینگے

131

لاہور (جسارت نیوز)راجر فیڈرر، نوواک جوکووچ اور رافیل نڈال سمیت دنیائے ٹینس کے نامور کھلاڑیوں اور پاکستان کے دیگر ٹاپ کھلاڑیوں نے پاکستانی ٹینس اسٹار اعصام الحق کی لاک ڈاؤن سے متاثرہ افراد کیلئے امدادی سرگرمیوں میں اپنا حصہ ڈالتے ہوئے نیلامی کیلئے مختلف چیزیں عطیہ کردیں۔پاکستانی ٹینس اسٹار اعصام الحق کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن سے متاثر ہونے والے افراد کو راشن اور دیگر ضروری سامان کی تقسیم کا کام کررہے ہیں۔اعصام الحق اب تک 2 ہزار خاندانوں میں راشن تقسیم کرچکے ہیں اور مزید 10 ہزار خاندانوں میں راشن کی تقسیم کا اردہ رکھتے ہیں جس کیلئے انہوں نے ساڑھے3 کروڑ روپے فنڈز اکھٹا کرنے کا ہدف رکھا ہے۔دنیا کے ٹاپ ٹینس اسٹارز نے اعصام کے مشن میں اپنا حصہ ڈالتے ہوئے مختلف چیزیں عطیہ کی ہیں جن کو نیلام کیا جائے گا۔اعصام الحق نے بتایا کہ انہیں اب تک راجر فیڈرر 2016ء وملبڈن کی شرٹ اور 2011ء سنسناٹی ماسٹرز میں پہنے گئے جوتے، رافیل نڈال فرنچ اوپن 2018 کی شرٹ جب کہ نوواک جوکووچ 2011ء کے آسٹریلین اوپن کی شرٹ عطیہ کرچکے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے انہیں اپنا ریکیٹ عطیہ کیا ہے جب کہ دیگر ٹینس پلیئرز نے بھی اپنی شرٹس عطیہ کی ہیں۔اس کے علاوہ پاکستانی کھلاڑیوں نے بھی اعصام الحق کے مشن کی سپورٹ میں اپنا حصہ ڈالا ہے۔ اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان نے اپنا دستخط شدہ اسکواش ریکیٹ، شہباز احمد نے 1994ء ورلڈ کپ کی ہاکی، عامر خان نے اپنے باکسنگ گلوز جب کہ شعیب ملک اور سرفراز احمد نے اپنی شرٹس عطیہ اور شعیب اختر اور وسیم اکرم نے اپنی دستخط شدہ گیندیں عطیہ کی ہیں۔