نادرا کی 6 کروڑ 79 لاکھ شناختی کارڈز کی تصدیق مکمل

207

نادرا نے چھ کروڑ اناسی لاکھ شناختی کارڈز کی تصدیق مکمل کر لی۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ مسئلہ قومی سلامتی کا ہے۔ کوتاہی برداشت نہیں کریں گے۔

ترجمان کے مطابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین نادرا نے بتایا کہ شناختی کارڈز کی تصدیق کے عمل کے دوران غیر قانونی شناختی کارڈ کے حامل اڑتالیس ہزار افراد کی نشاندہی ہوئی ہے، جبکہ ایک ہزار چھ سو پچاسی غیر قانونی مقیم افراد نے رضا کارانہ طور پر شناختی کارڈ واپس کئے۔ جن میں ایک ہزار پانچ سو انچاس افغانی، چوالیس بنگالی، ایک بھارتی اور ایک انڈونیشین شامل ہے۔

ذرائع کے مطابق بیانوے ہزار تین سو شہریوں نے فون کال کے ذریعے جعلی شناختی کارڈ کے حامل غیر ملکیوں کی نشان دہی کی۔اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کے امور میں معاونت کرنے والے شہریوں کو کیش انعامات کے علاوہ تعریفی اسناد سے بھی نوازا جائے۔ جبکہ جعلی شناختی کارڈ بنانے میں ملوث نادرا ملازمین کے خلاف سخت ترین کاروائی کی جائے گی۔

اجلاس کے دوران وزیر داخلہ کی جانب سے پچاس انٹرنیشنل این جی اوز کو ملک میں کام کرنے کی اصولی منظوری بھی دی گئی۔دوسری جانب وزیر داخلہ نے قومی اسمبلی، سینیٹ اور صوبائی اسمبلیوں کے اراکین کو اعلی عدلیہ کے ججز، تعلیمی اداروں اور میڈیا ہاسز کو اسلحہ لائسنس جاری کرنے کے لئے خصوصی پالیسی بنائی جانے کی ہداہت کردی۔