راولپنڈی (اے پی پی) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے بدھ کو کوئٹہ کا دورہ کیا۔ سدرن کمانڈ ہیڈ کوارٹرز میں بریفنگ میں شرکت کی اور کوویڈ 19 کے لیے گیریژن قرنطینہ سینٹر کا دورہ کیا اور امدادی سرگرمیوں میں مصروف جوانوں سے بات چیت کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کے ہیڈکوارٹر سدرن کمانڈ کے دورے کے موقع پر سیکورٹی کی صورتحال، پاک افغان اور پاک ایران سرحدوں کے ساتھ باڑ لگانے سمیت حفاظتی صورتحال اور سرحدی انتظام اور آپریشنل تیاری پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف کو وبائی مرض سے لڑنے کے لیے سول انتظامیہ سے تعاون اور اس علاقے کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے جاری اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ گیریژن قرنطینہ سینٹر کے دورے کے دوران پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے صحت کے ایس او پیز اور گائیڈ لائن کے مطابق انتظامات اور سہولیات کی فراہمی کو سراہا۔ افسران اور جوانوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے جنرل قمر جاوید باجوہ نے ان کی لگن اور پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے اور ہمارا فرض ہے کہ پرامن اور خوشحال بلوچستان کے لیے حکومت اور عوام کی مکمل مدد کریں۔ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے تمام کمانڈرز کو بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں لوگوں تک پہنچنے کی ہدایت دی تاکہ کوویڈ 19کی وجہ سے عوام کو درپیش چیلنجوں کو کم کرنے میں مدد مل سکے۔ قبل ازیں کوئٹہ پہنچنے پر آرمی چیف کا کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل محمد وسیم اشرف نے استقبال کیا۔