فیصل آباد(اے پی پی )فیصل آباد میں مکمل آراستہ دفاتر کی کرایہ پر فراہمی ایک نیا تجربہ ہے جس سے سی پیک کے تناظر میں ملکی اور غیر ملکی تاجروں کے لیے آسانیاں پیدا ہوں گی، یہ بات دنیا کے 120 ملکو ں کے 900 شہروں میں 3 ہزار سے زیادہ مقامات پر یہ سہولت مہیا کرنے والے بین الاقوامی ادارے ریگس کے ریجنل کمرشل ڈائریکٹر برائے مڈل ایسٹ اینڈ افریقا نکولئی وی ڈیولین پی ایچ ڈی نے بدھ کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دور ہ کے دوران بتائی ۔ اس موقع پر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر چوہدری محمد نواز، قائمقام نائب صدر حاجی محمد شفیع، سابق صدر انجینئر رضوان اشرف ، مزمل سلطان، اجمل فاروق ، احمد حسن ، محمد امجد خواجہ ، راشد منیر، حاجی محمد سلیم اور سیکرٹری جنرل عابد مسعود کے علاوہ ریگس کے کنٹری منیجر/چیف ایگزیکٹوآفیسر مبشر عمراور فیصل آباد آفس کے جنرل منیجر عاطف یٰسین بھی موجود تھے۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی میں ریگس کا تجربہ بہت کامیاب رہا جہاں قائم دفاتر میں 80 سے 85 فیصد تک کرایہ پر دیے جا چکے ہیں۔