پولیس کورونا وائرس پھیلائو کے سد باب کیلیے صف اول میں کھڑی ہے ،محسن بٹ

115

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) انسپکٹر جنرل آف پولیس بلوچستان محسن حسن بٹ نے کہا ہے کہ پولیس جہاں دہشت گردی اور دیگر جرائم کے خاتمے کے علاوہ امن و امان قائم رکھنے میں اپنا نمایاں کردار ادا کررہی ہے وہاں موجودہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے سدباب کے لیے بھی دیگر اداروں کے ساتھ بھی صف اول میں کھڑی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز سینٹرل پولیس آفس میں کورونا وائرس سے شہید ہونے والے قائم مقام ایس پی انوسٹی گیشن چودھری مشتاق، ایس آئی پی ٹی سی خدابخش ساسولی اور سبی میں دہشت گردی کے واقعے میں شہید ہونے والے اے ایس آئی حامد علی کی یاد میں منعقدہ تعزیتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی بلوچستان جہانزیب خان جوگیزئی، ایڈیشنل آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ سمیت دیگر سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔ آئی جی پولیس بلوچستان نے کہا کہ کورونا وائرس کیخلاف اپنے فرائض انجام دینے والے پولیس افسران نے قربانیاں دیں وہ شہید ہیں اور وہ شہادت کا درجہ رکھتے ہیں، ان کی شہادت اور قربانیاں اللہ تعالیٰ قبول فرمائے۔ آئی جی پولیس نے کہا کہ اس حوالے سے حکومت سے اہلکاروں کو شہید قرار دینے کے لیے کیس بھجوائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کی عظمت کو سلام ہے کہ انہوں نے اپنے فرائض کی انجام دہی میں کوئی کوتاہی نہیں برتی اور کورونا وائرس کے تدارک کے حوالے سے بھی بی عملے کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے انہوں نے عظمت کی مثالیں قائم کیں۔ انہوں نے کہا کہ چودھری مشتاق ایک باصلاحیت، قابل اور منجھے ہوئے افسر تھے، انہوں نے کئی اندھے کیسز کو حل کرتے ہوئے محکمہ پولیس کی عزت میں اضافہ کیا اور عزت کا باعث بنے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اسی جذبے کے تحت بلوچستان پولیس جانفشانی اور جان نثاری کے جذبے کے ساتھ مشکل حالات اور مشکل مقامات پر اپنے فرائض انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو حفاظت میں رکھے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے سماجی دوری اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تعزیتی ریفرنس کے موقع پر یاد دہانی کرواتا ہوں کہ آپ اپنے، اپنے بچوں اور خاندان کے لیے کورونا کے موذی اور خطرناک مرض سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔ آئی جی پولیس بلوچستان نے کہا کہ کورونا وائرس کے شکار ہونے والے شہید قابل افسران قائمقام ایس پی چودھری مشتاق، ایس آئی پی ٹی سی خدا بخش ساسولی قابل اور ایماندار افسران تھے جبکہ سبی میں دہشت گردی کے واقعہ میں شہید ہونے والے اے ایس آئی حامد علی ان تمام شہدا اور ان کی خدمات کو یاد رکھا جائے گا۔ ان کی خدمات قابل تحسین ہیں، ہم ان کو کبھی نہیں بھولیں گے، ہر موقع پر ان کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔ ان کے خاندان کی کفالت کے لیے کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شہید ہونے والے افسران کے کیسوں پر جلد کارروائی شروع کریں۔ تعزیتی اجلاس کے آخر میں شہدا کے لیے ایصال ثواب اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرنے کی دعا کی گئی۔