توانائی اور بینکنگ حصص کی خریداری کے سبب ریکارڈ تیزی

143

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل دوسرے روز بھی تیزی کا رجحان غالب رہا اور 395پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای100 انڈیکس ایک بار پھر 40ہزار پوائنٹس کی کی بلند سطح عبور کرنے میں کامیاب ہو گیا جبکہ کاروبار کے دورا ن انڈیکس نے10112پوائنٹس کی سطح کو بھی چھو لیا تھا ۔تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں70ارب سے زائدروپے کااضافہ ریکارڈکیاگیاجس سے سرمائے کامجموعی حجم80کھرب روپے سے تجاوز کر گیا ۔اسٹاک تجزیہ کاروں کے مطابق اداروں نے بڑھ چڑھ کر مارکیٹ میں دلچسپی لی ہے۔ توانائی ،بینکنگ ،آئل اینڈ گیس ،سیمنٹ اور ٹیلی کام سیکٹر میں خریداری کا رجحان رہا جس کی وجہ سے ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 39700، 39800، 39900، 40000 اور 40100 پوائنٹس کی 5بالائی حدیں عبور کر گیا تاہم عید الاضحی کی تعطیلات کے پیش نظر چھوٹے سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع کی خاطر بعض اسٹاکٹس میں فروخت کا دباؤ بھی دیکھا گیا جس کے سبب انڈیکس40100پوائنٹس کی سطح کو برقرارنہ رکھ سکا تاہم مارکیٹ 40ہزار پوائنٹس کی بلند حد کو عبور کرکے ہی بند ہوئی۔ کاروبارکے اختتام پرکے ایس ای 100 انڈیکس میں395.89پوائنٹس کااضافہ ریکارڈکیاگیا۔ کے ایس ای 100 انڈیکس 39688.98 پوائنٹس سے بڑھ کر 40084.87پوائنٹس پرجاپہنچااسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس227.38 پوائنٹس کے اضافے سے 22784.63 پوائنٹس اورکے ایس ای آل شیئرز انڈیکس26709.16پوائنٹس سے بڑھ کر 26949.11 پوائنٹس پربندہوا۔مارکیٹ سرمائے میں 70 ارب 24 کروڑ 76 لاکھ 26 ہزار 595 روپے کااضافہ ریکارڈکیاگیا۔مجموعی حجم 79 کھرب 83 ارب 64 کروڑ 77 لاکھ68روپے سے بڑھ کر 80 کھرب 53 ارب 89 کروڑ 53 لاکھ 26 ہزار 663روپے ہوگیا۔