گورنرسے نوتعینات امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن کی ملاقات
کراچی(اسٹاف رپورٹر)گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العبادخان نے کہا ہے کہ ضرب عضب کی وجہ سے پاکستان بالخصوص کراچی میں تیزی سے امن قائم ہوا، حکومت سندھ کی پوری کو شش ہے کہ امن و امان کے قیام کو مزید مستحکم کیا جائے۔ اس ضمن میں عسکری و سیاسی قیادت قلیل مدتی، وسط مدتی اور طویل مدتی پلان پر کار فرما ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ امن وامان کے قیام کے بعد غیر ملکی سرمایہ کاروں کو چاہیے کہ وہ اس صورتحال کا بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ پاکستان سمیت خطے میں غربت کا خاتمہ اور ایسے عوامل کی بیخ کنی ہو سکے جس کے ذریعے معاشرے میں جرائم جنم لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں قیام امن اورترقی کے لیے مستحکم پاکستان انتہائی نا گزیرہے جبکہ پاکستان میں امن و امان کے قیام اور ترقی کا انحصار کراچی کے امن و ترقی سے وابستہ ہے۔ یہ بات انہوں نے نئی تعینات ہونے والی امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹنGrace Shelton اور رخصت ہونے والے قونصل جنرل برین ہیتھ Brian Heath سے ملاقا ت کے دوران کہی۔گورنر سندھ نے سیکورٹی اور امن و امان کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات اور حاصل کامیابیوں اورغیر ملکی سرمایہ کاروں کی پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے بڑھتی ہوئی دلچسپی سے قونصل جنرلز کو تفصیلی آگاہ کیا ۔ انہو ں نے کہا کہ جس طرح ہماری مسلح افواج نے دہشت گردی کے خلاف کارروائی کی ہے، وہ قابل تعریف ہے اور یہ بات بھی کھلی حقیقت ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہوا۔ انہو ں نے کہا کہ معاشی و اقتصادی طور پر مستحکم پاکستان خطے سمیت پوری دنیا کے مفاد میں ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ کیا جائے ۔انہو ں نے کہا کہ امریکا کئی شعبوں میں پاکستان کی مدد کررہا ہے جس کے لیے پاکستانی عوام امریکی عوام کے احسان مند ہیں ۔ اس موقع پربرین ہیتھنے بتایا کہ صوبہ سندھ میں بے انتہا استعدا د موجود ہے ضرورت اس سے فائدہ اٹھانے کی ہے اس سلسلے میں امریکاکے سرمایہ کار اس جانب راغب ہو رہے ہیں ۔نو تعینات قونصل جنرل نے گورنر سندھ کو بتایا کہ میری پوری کو شش ہو گی کہ پاک امریکا تعلقات مزید مستحکم ہوں اور پاکستان بالخصوص صوبہ سندھ میں بیرونی سرمایہ کار وں خاص طور پر امریکاکے سرمایہ کاروں کو اس جانب راغب کرسکوں۔