اسلام آباد(جسارت نیوز) پاکستان فٹ سال فیڈریشن کے چیئرمین ملک مہربان علی نے کہاہے کہ ملک میں کھیلوں کے ٹیلنٹ کو اکیڈمیز کے ذریعے ہی بروئے کار لایا جا سکتا ہے۔ گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کھلاڑی ملک کا سرمایہ اور سفیر کا درجہ رکھتے ہیں اور یہ کھیلوں کے ذریعے ہی ملک کو قوم کا نام روشن کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ ان کھلاڑیوں کے ذریعے ہی دوسرے ملکوں کے ساتھ باہمی رابطے بڑھانے کا بھی موقع ملتاہے، کورونا وائرس کی وباء کے حوالے سے ملک مہربان علی نے کہا کہ کھلاڑی کورونا وائرس کے سلسلہ میں لاپرواہی اور بے احتیاطی کا مظاہرہ نہ کریں۔ کورونا وائرس کی وباء نے اس وقت پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور کھلاڑیوں کے کھیلوں کے میدان ویران کر دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑی گھروں میں رہ کر اپنی فزیکل فٹنس اور خوراک پر توجہ دیں تاکہ کورونا وائرس کی وباء کے باعث ان کی فزیکل فٹنس میں کمی نہ آئے اور قوت مدافعت بھی کم نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو حکومت کی جانب سے بتائی گئی احتتاطی تدبیر پر عمل کرنا چاہئے اور اس کے ساتھ ساتھ سماجی فاصلوں کا بھی خیال رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو لاک ڈائون کے دوران حکومت کے ساتھ تعاون کرنا چاہئے کیونکہ حکومت انسانوں کی زندگیاں بچانے کی کوشش کر رہی ہے اور اس وقت پوری دنیا میں کورونا وائرس کی وباء کے باعث لاکھوں کی تعداد میں اموات ہو چکی ہیں اور ابھی تک اس موذی وباء پر قابو نہیں پایا جاسکا۔