ٹوکیو اولمپک کمیٹی کا اخراجات میں وسیع پیمانے پر کمی پر غور

123

ٹوکیو (جسارت نیوز) جاپان میں ہونے والے 2020 ٹوکیو اولمپکس اور پیرالِمپک کھیلوں کی منتظم کمیٹی نے 100 سے زیادہ شعبوں میں اخراجات کم کرنے پر غور کا آغاز کر دیا ہے۔ جاپانی خبررساں ادارے کے مطابق ٹوکیو اولمپکس اور پیرالِمپک کھیلوں کی منتظم کمیٹی نے 100 سے زیادہ شعبوں میں اخراجات کااندازہ لگاتے ہوئے کہا ہے کہ کچھ تخمینوں کے مطابق گیمز کے موسم گرما تک مؤخر ہونے کی وجہ سے کئی ارب ڈالرز کے اضافی اخراجات ہو سکتے ہیں،جن شعبوں کا جائزہ لیا جانا ہے ان میں ایتھلیٹس ولیج میں منصوبہ کردہ 24 گھنٹے کھانے پینے کی سہولیات شامل ہیں۔کھیلوں کی افتتاحی و اختتامی تقریبات کے حجم، بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کے حکام اور کھیلوں کی تنظیموں کے اخراجات، تماشائیوں کی نشستوں کی تعداد اور کھیلوں کے مقامات کے ارد گرد منعقد ہونے والی تقریبات کے حوالے سے جائزہ متوقع ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اولمپک مشعل رِیلے کا دورانیہ بھی کم کیا جا سکتا ہے۔ تاہم حکام رِیلے میں دوڑنے والے پہلے سے منتخب کردہ تمام افراد کی شرکت یقینی بنانے کی کوشش کریں گے۔ رپورٹ کے مطابق کسی قسم کے اضافی اخراجات کے حوالے سے عوام اور اسپانسرز کی مفاہمت حاصل کرنے کے لیے ان تمام عناصر کے دوبارہ جائزے کی ضرورت ہو گی۔