تاجروں کو عید تک بلا ناغہ کاروبار کرنے کی اجازت دی جائے،عتیق الرحمن

121

پشاور(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی ضلع پشاور کے امیر عتیق الرحمن نے مرکزی اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ لاک ڈاؤن میں مزید نرمی کرتے ہوئے تاجروں کو عید تک بلا ناغہ کاروبار کرنے کی اجازت دی جائے تاکہ ان کو ناقابل تلافی نقصان سے بچایا جائے۔ ہفتہ وار چھٹیوں کو فی الفور واپس لے کر اوقات کار میں اضافہ کیا جائے۔ عید میں صرف سات روز باقی ہیں اور صرف تین دن کاروبار کرنے کی اجازت دی گئی ہے جبکہ گزشتہ دو ماہ سے کاروبار مکمل طور پر بند تھے اور تاجر برادری سخت مشکلات کا شکار ہوچکی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی دفتر میں تاجروں کے ایک نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کی طرح پشاور کے تاجروں نے پہلے ہی دہشتگردی کے باعث ناقابل تلافی نقصان اٹھایا ہے جس کے بعد مختلف حکومتوں کی جانب سے ان پر ٹیکسز کی بھر مار نے ان کا مزید جینا حرام کردیا جبکہ اب عالمی وبا نے ان کو زندہ درگور کردیا ہے جبکہ حکومت کی جانب سے تاجروں کو کسی قسم کا ریلیف نہیں دیا گیا ہے اور ہفتے میں جن دنوں میں ان کو کاروبار کرنے کی اجازت دی گئی ہے اس کو جماعت اسلامی ضلع پشاور سراہتی ہے تاہم اس کا دورانیہ انتہائی کم ہے جس کے باعث عید کیلیے لائے جانے والے سامان میں ان کو ناقابل تلافی نقصان اٹھانا پڑے گا۔