سید مودودی نے فتنہ قادیانیت کی سرکوبی کیلیے تاریخی کردارادا کیا، طاہر مجید

152

حیدر آباد (نمائندہ جسارت) ضلعی امیر جماعت اسلامی حافظ طاہر مجید نے کہا ہے کہ مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ نے فتنہ قادیانیت کی سرکوبی کے لیے تاریخ ساز کردار ادا کیا ہے۔ خاتم النبیین ﷺ کی ذات مسلمانوں کی محبتوں کا مرکز ہے، ملک کے نظریاتی اور جغرافیائی تحفظ کے لیے علما اوردینی جماعتوں نے تاریخ رقم کی ہے جس میں اسلامی جمعیت طلبہ اور جماعت اسلامی ہراول دستہ ثابت ہوئی ہے۔ یوم دفاع اور یوم ختم نبوتﷺ کے حوالے سے حافظ طاہر مجید نے کہاکہ پاکستان دشمن کے مقابلے میں عالم اسلام کے لیے حقیقتاًقلعہ ثابت ہواہے ۔اسلام اور مسلمانوں کے خلاف ہونے والے نظریاتی اورعسکری حملے کا اسی سرزمین نے موثردفاع کیاہے اورمنہ توڑ جواب دیاہے قادیانیت کاردّکیاہے ،بھارت،روس اور اسرائیل کو روکا ہے اس جدوجہدمیں پوراملک متحداورمتفق ہو کر علما اور دینی جماعتوں کی پشتیبانی کرتارہاہے۔ جماعت اسلامی جس کے بانی،امیر اور مفکرِاسلام مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ نے بصیرت اور درست رہنمائی کے ذریعے ملک کی نظریاتی سرحدوں کومستحکم کرنے کاعظیم کارنامہ انجام دیااورایسے تربیت یافتہ افرادملک وقوم کودیے جنہوں نے قرار داد مقاصدکی منظوری،شمولیت، دستور سازی اور قادیانیت کی سرکوبی کابے مثل کام سرانجام دیا۔ مولاناسیدابولاعلیٰ مودودیؒ عالم اسلام کی وہ عظیم ہستی ہیں جنہوں نے اپنی تحریروتقریرکے ذریعے اسلام کی ترجمانی کافریضہ پورا کرتے ہوئے علما کو مسلکی اختلافات سے بلند کیا۔ انہوں نے اپنے پیچھے اسلامی جمعیت طلبہ اورجماعت اسلامی کی صورت میں ملک وملت کے لیے اثاثہ چھوڑاہے۔ بنگلا دیش، بھارت اور پاکستان میں جماعت اسلامی ایک تناوردرخت بن چکی ہے، بنگلا دیش میں جماعت اسلامی کے رہنماپاکستان کی محبت میں پھانسی کے پھندے چوم چوم کر پہن رہے ہیں جسے حق جانا ہے اسی لیے معذرت خواہانہ رویہ اختیارنہیں کرتے۔ حافظ طاہرمجیدنے مزیدکہاکہ حکومت علما کی بات کواہمیت دے اورعلما کرام بھی معاشرے کے لیے اپنی ذمے داریوں کاحق اداکریں۔