چائناگرائونڈ عید گاہ بحالی کیلیے سندھ حکومت کی اجازت کاانتظارہے‘میئر

89

کراچی(اے پی پی+اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کی اجازت کے بعد چائنا گرائونڈ میں عیدگاہ کو بحال کردیا جائے گا۔ انہوں نے ہفتہ کو ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوڈ19 کی وجہ سے کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لیے سندھ حکومت اقدامات کررہی ہے اور نماز عیدالفطر کے حوالے سے ابھی تک کوئی واضح صورتحال سامنے نہیں آئی ہے، عیدالفطر کی نماز کی ادائیگی کے لیے سندھ حکومت سے اجازت نامہ موصول ہونے کے بعد چائنا گرائونڈ میں عیدگاہ کو بحال کردیا جائے گا۔ ایک سوال کے حواب میں انہوں نے کہا کہ پورے کراچی میں صفائی ستھرائی کی صورتحال بہت اچھی نہیں ہے تاہم احکامات موصول ہوتے ہی چائنا گرائونڈ میں صفائی ستھرائی اور دیگر کام کا آغاز کردیا جائے گا تاکہ پی ای سی ایچ سوسائٹی اور اطراف کے مکینوں کو نماز کی ادائیگی میں سہولیات میسر آسکیں۔ وسیم اختر نے کہا کہ میرے علم میں ہے کہ چائنا گرائونڈ میں برسہابرس سے سال میں دو مرتبہ عیدالفطر اور عیدالاضحی کی نماز ادا کی جاتی ہے۔ اس سے قبل ڈسٹرکٹ شرقی کے چیئرمین معید انور نے بتایا کہ چائنا گرائونڈ ڈسٹرکٹ شرقی کے زیرانتظام نہیں ہے اور وہاں گرائونڈ کے مرکزی گیٹ پر لگایا جانے والا تالا بھی ہمارا نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گرائونڈ کی درستگی اورمنبر کی تعمیر کے حوالے سے کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن سے رابطہ کرنا چاہیے کیونکہ مذکورہ گرائونڈ انہی کے زیرانتظام ہے۔معید انور نے کہا کہ ان سب حقائق کے باوجود گرائونڈ کی درستگی کے لیے ضلع شرقی کی انتظامیہ اپنا کردار ادا کرنے کی کوشش کرے گی۔ یاد رہے کہ پی ای سی ایچ سوسائٹی کشمیر روڈ پر واقع چائنا گرائونڈ میں عیدگاہ کو بحال کرنے کے لیے پی ای سی ایچ ایس کے مکینوں نے کراچی میونسپل کارپوریشن اور ڈسٹرکٹ شرقی کی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ چائنا گرائونڈ میں قدیم عیدگاہ کو بحال کیا جائے اور نہ صرف وہاںمنبر کو دوبارہ تعمیر کیا جائے بلکہ گرائونڈ کی بھی مکمل طور پر صفائی کی جائے تاکہ ہر سال کی طرح امسال بھی پی ای سی ایچ ایس کے مکین وہاں پر نماز عیدالفطر ادا کرسکیں۔تاہم دونوںذمے داریہ بتانے سے قاصررہے کہ تالاکھولنے کی اجازت توحکومت سندھ سے ملے گی لیکن منبرتوڑنے کی اجازت کس نے دی تھی؟