کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کے نامور اور جید عالم دین علامہ مفتی تقی عثمانی نے مسلمانوں سے درخواست کی ہے کہ وہ رمضان المبارک کے آخری عشرے میں احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے مساجد کو جماعت کی نمازوں سے آباد کریں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک پیغام میں مفتی تقی عثمانی نے لکھا کہ عالمگیر وبا کی صورتحال ہر گزرتے دن کے ساتھ طویل ہوتی جارہی ہے۔
انہوں نے لکھا کہ ایسی صورتحال میں نہ کاروبارِ زندگی روکا جاسکتا ہے اور نہ ہی اجتماعی عبادتوں کو بند رکھا جاسکتا ہے۔
انہوں نے لکھا کہ وہ پُرامید ہیں کہ حکومت اپنی ذمہ داری اور مسلمانوں کے جذبات کا احساس کرتے ہوئے مساجد میں عبادات کی ادائیگی میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالے گی۔
مفتی تقی عثمانی کا کہنا تھا کہ ملک و ملت کی بہتری،عالمی وبا کے خاتمے،اور ملک سے انتشار کے خاتمے کیلئے حکومت اور شہری اپنا کردار ادا کریں،اور ان مقاصد کے حصول کیلئے خصوصی دعائیں کریں۔