کراچی ( اسٹا ف رپورٹر ) شارع فیصل پر سول سوسائٹی ،تحریک نوجوان پاکستان کی زندہ باد ریلی اورپاکستان اسٹیل ملزکے ملازمین کے احتجاج کے باعث بدترین ٹریفک جام ہوگیا ،گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں،مریض اوراسکول کے بچے بھی گھنٹوں ٹریفک میں پھنسے رہے،پولیس نے لاٹھی چارج کرکے ریلی منتشر کر دی، تحریک انصاف کے رہنمافیصل واؤڈا کو گرفتار کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹیل ملز کے ملازمین اپنے مطالبات کے حق میں شارع فیصل پر نکلے تو گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں جو جہاں تھا وہیں پھنس گیا، دوپہر 3بجے سے احتجاج کی وجہ سے شارع فیصل اور اطراف کے علاقوں میں بدترین ٹریفک جام رہا ، اس دوران تحریک انصاف کے رہنماء فیصل واؤڈا کی قیادت میں پاکستان زندہ باد ریلی اسٹار گیٹ پر پہنچی جس کے بعد باقاعدہ طور پر ریلی کاآغاز کیا گیا ،ریلی میں تحریک انصاف ، تحریک نو جوانان پاکستان اور سول سوسائٹی کے افراد شامل تھے ،دوسری طرف مقامی تنظیم کی جانب سے بھارت مخالف ریلی بھی نکالی گئی، ان ریلیوں کے باعث اسٹار گیٹ کے قریب ائرپورٹ جانے والا ٹریک ٹریفک کے لیے بند ہوگیا ،شارع فیصل پر ٹریفک جام ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ، اس دوران ایمبولینس میں مریض کئی گھنٹے پھنسے رہے جبکہ اسکول کے بچے اور خواتین بھی بدترین ٹریفک جام میں پھنسی رہیں،اس موقع پر ڈاکو متعدد شہریوں سے اسلحے کے زور پر موبائل فون اور نقدی چھین کر فرار ہوگئے ،ایس پی ٹریفک قمر رضوی کے مطابق کسی کو مظاہرے کی اجازت نہیں دی گئی تھی 7237دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شہر میں ٹریفک جام کی صورتحال کانوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ اور ٹریفک پولیس کو معاملہ حل کرنے کی ہدایت کی جس کے بعد پولیس کی جانب سے ایکشن لیا گیا۔ ایس ایس پی ملیر راؤ انوار اپنی ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر لاٹھی چارج اور شیلنگ بھی کی، پولیس نے تحریک انصاف کے رہنما فیصل واؤڈا کوریلی سے خطاب کرنے پر حراست میں لے کر ائر پورٹ تھانے منتقل کر دیا جہاں ان کے اور دیگر افراد کے خلاف عوام کو پریشان کرنے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ، دوسری جانب عمران اسماعیل کا کہنا تھا تحریک انصاف کا اس احتجاج سے کوئی واسطہ نہیں۔ جبکہ نعیم الحق نے کہا کہ فیصل واؤڈا نے روڈ بلاک کر کے شہریوں کو جو اذیت دی ہے ہم اس کی مذمت کرتے ہیں اور ان کے خلاف تنظیمی طور پر کارروائی کی جائے گی ۔