لاہور ( خبرایجنسیاں) پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے رائے ونڈ گھیرا ؤکی مخالفت کردی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سربراہ پی ایم ایل ق چودھری شجاعت حسین نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے رائے ونڈ کے گھیراؤ کے اعلان کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ رائے ونڈ مارچ نہیں کرنا چاہیے‘ عمران خان مقام تبدیل کریں‘ یہ رسم چل نکلی تو اچھا نہیں اس سلسلے میں عمران خان سے خود بات کروں گا۔ علاوہ ازیں پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ کرپشن اور دہشت گردی ایک ہی چیز ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ 24 ستمبر کے احتجاج کے حوالے سے تحریک انصاف نے ہماری جماعت سے ابھی تک مشورہ نہیں کیا‘ ہم عمران خان کو یہی تجویز دیں گے کہ کسی کے گھر پر جانا مناسب نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف نے جو باتیں کی ہیں وہ ملک کے لیے بہتر ہیں‘ دہشت گردی اور کرپشن کا گٹھ جوڑ انتہائی خطرناک ہے‘ حکومت کی خاموشی ملک کے لیے اچھی نہیں‘ عمران خان نے الطاف حسین کے خلاف جو باتیں کیں وہ بالکل ٹھیک ہیں ملک کے خلاف جو بولے گا اس کے لیے کوئی معافی نہیں ہونی چاہیے ۔