ملٹری پولیس پر حملوں کا نیٹ ورک بے نقاب،ڈیفنس میں فائرنگ2 اہلکار جاں بحق

130

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) ڈیفنس خیابان شہباز میں نا معلوم افراد کی فائرنگ سے 2پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے ، ملٹری پولیس پر حملوں میں ملوث کالعدم جماعت کے 2 دہشت گردوں کوگرفتارکر لیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق درخشاں تھانے کی حدود ڈیفنس فیز 6خیابان شہباز میں ڈاکٹر عزیز کے بنگلے کے باہر نامعلوم کار سوار افراد کی فائرنگ سے 2پولیس اہلکار ماجد اور اشتیاق زخمی ہوگئے ، دونو ں زخمیوں کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے ۔ ایس ایس پی ثاقب اسماعیل کا کہنا ہے کہ دونوں پولیس اہلکار ڈاکٹر عزیز کی حفاظت پر مامور تھے ،اس سے قبل بھی ڈاکٹر عزیز کا چھوٹا بھائی قتل ہوچکا ہے ۔ ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ڈاکٹر عزیز ایس ایس پی عارب مہر کے عزیز ہیں او ر مقتول پولیس اہلکاروں کا تعلق اندورن سندھ سے تھا، پولیس نے موقع پر پہنچ کرعلاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد جمع کرنا شروع کردیے۔ علاوہ ازیں ملٹری پولیس پر حملوں کا نیٹ ورک بے نقاب ہوگیا ، حساس اداروں نے کارروائی کر کے پریڈی کے علاقے ایم اے جناح روڈ پر واقع اسپیئر پارٹس مارکیٹ میں ملٹری پولیس پر حملے میں ملوث کالعدم جماعت کے 2دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں ۔دونوں دہشت گردوں نے ملٹری پولیس پر حملوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا ہے ،واضح رہے کہ حملے کے دوران پاک فوج کے 2 جوان لانس نائک ارشد اور حوالدار راشد شہید ہوئے تھے ۔دریں اثنا پیرآباد کے علاقے منگھوپیر روڈمغل کانٹے کے قریب فائرنگ سے 27سالہ ناصر ولد انارخان زخمی ہوگیا ۔