کراچی میں الطاف حسین اور وفاق کیخلاد بینرز آویزاں

154

کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہر قائد میں گزشتہ روز جو قائد تحریک کا غدار ہے وہ موت کا حقدار ہے کے بینرز کے بعد اب جو ملک کا غدار ہے وہ موت کا حق دار ہے کے بینرز آویزاں کئے گئے ہیں، کراچی کی شارع فیصل سمیت مختلف علاقوں میں بھی ’’جو ملک کا غدار ہے وہ موت کا حقدار ہے‘‘بینرزلگ گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے نامعلوم افراد کی جانب سے جو ملک کا غدار ہے وہ موت کا حق دار ہے کے بینرز آویزاں کیے گئے ہیں۔ شہر میں اب بینرز کی جنگ بھی شروع ہوگئی ہے ،اس بار شارع فیصل سمیت شہرکے بیشترعلاقوں میں الطاف حسین اور وفاقی حکومت کے خلاف بینرز لگائے گئے ہیں، جن پر جو
ملک کا غدار ہے وہ موت کا حقدار کے نعرے درج ہیں، بینرز پر پاناما پیپرز،دہشتگردی، سانحہ ماڈل ٹاؤن اور غداری پر ایکشن نہ ہونے کا شکوہ بھی کیا گیا ہے۔یہی نہیں بینرز پر گمشدہ حکومت پاکستان بھی درج ہے،جبکہ وفاقی سرکار کو کہیں بھی تلاش کیا جائے کے بینرز بھی نظر آ رہے ہیں،یہ بینرز شارع فیصل ‘کارساز نیپاچورنگی، گلشن اقبال کے علاقوں میں لگائے گئے ہیں، لال رنگ سے لکھے گئے یہ بینرز سخی حسن چورنگی،نارتھ ناظم آباد، یوپی موڑ پر بھی موجود ہیں۔نیپاچورنگی میں لگائے گئے بینرز میں پاکستان تحریک انصاف کے فیصل واوڈا کی تصویراور نام بھی درج ہے ، اس کے علاوہ شہر کی مصروف ترین شاہراہ شارع فیصل کے مختلف مقامات پر حکومت پاکستان کی تلاش کے بھی بینرز لگائے گئے ہیں۔ ان بینرز پر کسی بھی جماعت کے بجائے منجانب اہلیان پاکستان اور اہلیان کراچی تحریر ہے۔دوسری جانب گلستان جوہر میں نامعلوم افرد نے پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال کی تصاویر اور بینرز پھاڑ دیے ہیں ۔ مصطفی کمال کی تصاویر اور بینرز گزشتہ روز گلستان جوہر میں مختلف شاہراہوں پر لگائے گئے تھے ۔ دوسری جانب متحدہ قومی مومنٹ پاکستان کے رہنما فاروق ستار کا کہنا ہے کہ بینر لگانے والے سب کے سب نامعلوم افراد ہیں، اللہ انہیں ہدایت دے۔میڈیا پر خبریں چلنے کے بعد پولیس اہلکار شہر بھر میں لگائے گئے بینرز ہٹانے کے لیے متحرک ہوگئے ہیں۔