لاک ڈاؤن: گھر سے کام کرنے والے افراد کے لیے چند ہدایات

496

کورونا وائرس لاک ڈاؤں کے پیش نظر دفاتر میں ملازمت کرنے والے بہت سے حضرات آج کل اپنے گھروں سے ہی کام کر رہے ہیں جس کے باعث صحت کے متعدد مسائل سامنے آئے ہیں۔

لاک ڈاؤں کے دوران گھروں سے کام کرنے والوں کو دشواریوں کا سامنا ہے کیوں کہ ہر کسی کے گھر میں آرام دہ جگہ نہیں ہوتی جہاں بیٹھ کر سکون سے کام کیا جاسکے۔

گھر میں آرام دہ جگہ نہ ہونے کی وجہ سے ہمیں کمر، گردن اور کندھوں میں تکلیف کا سامنا ہوتا ہے۔ ان تمام تر تکالیف سے بچاؤ اور انہیں کم کرنے کے لیے آج ہم آپ کو گھر میں کام کرنے کے حوالے سے چند ہدایات دیں گے۔

8 گھنٹے لگاتار بیٹھ کر کام کرنے والے لوگوں کو چاہیے کہ وہ کام کے دوران ہر آدھے گھنٹے بعد تقریبا 3 سے 4 منٹ کھڑے ہوں یا ہلکی پھلکی چہل قدمی کریں۔

کرسی پر بیٹھے بیٹھے گردن اور ہاتھوں کی چند ورزش کرنے سے بھی آپ کی کمر اور گردن میں تکلیف نہیں ہوگی۔

کام کرتے وقت ضروری ہے کہ آپ کا لیپ ٹاپ یا کمپیوٹر آپ کی آنکھوں کے بالکل سامنے ہو، زیادہ اوپر یا زیادہ نیچے لیپ ٹاپ رکھ کر کام کرنے سے آپ کی آنکھوں اور سر میں درد ہوسکتا ہے۔

کام کے دوران اپنی کمر کے پیچھے کوئی تکیہ رکھ لیں اس طرح کرنے سے بھی آپ کو کام کرتے دوران آرام ملے گا۔

کام کے دوران یہ بھی ضروری ہے کہ آپ اپنے پوسچر کو نہ خراب کریں اور جھک کر نہ بیٹھیں ایسا کرنا گردن میں تکلیف کا باعث بن سکتا ہے۔