عدالت نے نجی ٹی وی چینل لائسنس کی معطلی روک دی

88

لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور ہائی کورٹ نے پیمرا کی جانب سے نیو نیوز ٹی وی چینل کے لائسنس کی معطلی کے احکامات پر عملدرآمد روکتے ہوئے فریقین کو17جون کے لیے نوٹس جاری کر دیے۔لاہور ہائی کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس محمد امیر بھٹی نے میسرز فن انفوٹینمنٹ کی درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت درخواست گزار کی جانب سے بیرسٹر علی ظفر نے دلائل میں کہا کہ لائسنس کی ترمیم رولز کے تحت کرنے کے بجائے ریگولیشنز 2012ء کا سہارا لیا گیا۔ درخواست گزار نے پیمرا کو70فیصد نیوز اور کرنٹ افیئرز پر مبنی مکس پروگرامنگ کی منظوری کے لیے درخواست دی جس پر مقررہ مدت میں فیصلہ نہیں کیا گیا اور شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا جس کے خلاف انہوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا۔ اعلیٰ عدلیہ میں معاملہ زیر سماعت ہونے کے باوجود پیمرا نے لائسنس کی معطلی کا حکم جاری کر دیا۔عدالت عظمیٰ نے صورتحال کا علم ہونے پر درخواست گزار کمپنی کو معطلی کا حکم لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کی اجازت دی۔ انہوں نے استدعا کی کہ پیمرا کے لائسنس معطل کرنے کے احکامات اور ریگولیشنز 2012ء کو کالعدم قرار دیا جائے۔