طورخم بارڈر ہفتے میں 6 دن کھلا رکھنے کا فیصلہ

133

پشاور (اے پی پی)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ اجمل خان وزیر نے کہا ہے کہ افغانستان کے ساتھ دو طرفہ تجارت کے لیے طورخم بارڈر ہفتے میں 6دن 24 گھنٹے تمام ٹرکوں کے لیے ایس او پیز کے تحت کھلا رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔گزشتہ چند دنوں میں بارڈر کو 24 گھنٹے کھولنے سے کاروبار میں اضافہ ہوا ہے جبکہ دونوں ممالک کی مرضی سے ہفتے کا دن پیدل بارڈر کراسنگ کے لیے مخصوص کیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول سیکرٹریٹ میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ جو پاکستانی، افغانستان سے طورخم بارڈر کے ذریعے وطن واپس آرہے ہیں انہیں ضلع خیبر میں حفاظتی اقدام کے پیش نظر قرنطینہ کیا جا رہا ہے۔ اجمل وزیر نے کہا کہ اس سال عید سادگی سے منائی جائیگی اور ہر قسم کی غیر ضروری سرگرمیوں سے پرہیز کیا جائے گا۔ عید کے موقع پر احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کیا جائے۔ اجمل وزیر نے کورونا کی صورتحال پرکہا کہ خیبر پختونخوا میں ریکوری ریٹ ملک کے باقی صوبوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے جو31 فیصد ہے،وبا سے نمٹنے کے لیے صوبے میں200 آئسولیشن وارڈز قائم کیے گئے ہیں جن میں5598 بستروں کی گنجائش ہے، صوبے میں359 کورنٹائن سینٹرز قائم ہیں۔550 سے زائد وینٹی لیٹرز، کورونا مریضوں کے لیے مخصوص ہیں۔