حکومت عیدالفطرکے موقع پرایس اوپیز پرعمل درآمدکو یقینی بنائے

135

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی )جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی صدر چودھری عمرفاروق گجر،جنرل سیکرٹری راشدمحمودنے کہا ہے کہ حکومت عیدالفطرکے موقع پرکوروناایس اوپیز پرعمل درآمدکو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرے،عوامی سہولت کے لیے بازار اورشاپنگ پلازے کھل گئے ہیں لیکن کوروناوبا بھی پہلے سے کئی گناتیزی سے پھیلنی شروع ہوگی ہے جو ایک تشویشناک امر ہے ۔چودھری عمرفاروق گجرنے کہاکہ دو ماہ کے لاک ڈائون کے بعد عدالت عظمیٰ کے حکم پر اگرچہ کاروبار کھول دیا گیا ہے لیکن فی الحال یہ کاروبار صبح پانچ بجے سے شام پانچ بجے تک کھولنے کی اجازت ہے۔ دکانیں اور مارکیٹیں 8 بجے تک کھل رہی ہیں اور کچھ اسٹورز صبح 5 بجے بھی کھل رہے ہیں۔ یہ انتظام کورونا اور لاک ڈائون کی وجہ سے کیا گیا ہے لیکن اگر ہمارے دکاندار اور حکمران مل کر طے کر لیں کہ دن کی روشنی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرکے بجلی کی بچت کی جائے تو اس میں کوئی مضائقہ نہیں۔ یہ کہنا بے جا ہوگا کہ صبح صبح بازار کون جائے گا۔ ابتدا میں یہ سمجھا گیا تھا کہ کوئی نہیں آئے گا لیکن گاہکوں کو اشیا کی ضرورت ہے تو وہ صبح 5بجے بھی مارکیٹ کا رخ کر رہے ہیں۔