مدینہ منورہ میں پاکستانیوں کی مدد کے لیے خصوصی ٹیم کی خدمات

200

مدینہ منورہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد کورونا وائرس کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال کے باعث کئی طرح کے مسائل سے دو چار ہے۔ اس دوران ایسے خاندان اور افراد جو معاش کے سلسلے میں پاکستان کے مختلف علاقوں سے یہاں آئے ہوئے ہیں، عالمی وبا کی وجہ سے نہ صرف معاشی بلکہ نفسیاتی امراض کا بھی شکار ہو رہے ہیں۔ اس سلسلے میں مدینہ منورہ میں سیاسی وسماجی شخصیت افضل عباس نے اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر ایک فلاحی ٹیم تشکیل دی، جس نے ضرورت مند خاندانوں میں گھر گھر راشن تقسیم کرنے بیڑا اٹھایا۔ اس ضمن میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے دیگر مخیر حضرات نے بھی شمولیت اختیار کرتے ہوئے ہر طرح سے ٹیم کی بھرپور معاونت کی ۔
کرکٹ کی تنظیم مدینہ منورہ کرکٹ ایسوسی ایشن (ایم ایم سی اے) بھی اس کار خیر میں چیئرمین سید زاہد علی کی قیادت میں شامل ہوئی اور افضل عباس کی قیادت میں امدادِ باہمی کے اصولوں پرضروت مند اور مستحق افراد کی خدمت کا کام شروع کیا۔ اس سلسلے میں افضل عباس نے اپنے ایک وڈیو لنک پیغام میں ان تمام مخیرحضرات اور کارکنان کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ہرممکن معاونت کی اور ان کے تعاون سے امدادی ٹیم اس قابل ہوسکی کہ مستحق لوگوں کے دروازوں تک اس طرح کھانے پینے کی اشیا پہنچائی جائیں کہ کسی کی عزت نفس مجروح نہ ہوئی۔ افضل عباس نے اپنی ٹیم کے تمام ارکان کا ان تھک محنت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔