پشاور(صباح نیوز) مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا اجمل وزیر نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کا کرم ہے کہ کورونا وائرس ایسے دور میں آیاہے جب ملک کا وزیراعظم عمران خان ہے اور جو عوام کا درد رکھتا ہے جو دن رات لوگوں کے کاروبار اور معیشت کے بارے میں سوچ رہا ہے ، اب صوبے میں دکانیں 5 بجے بند ہوا کریں گی ۔پشاور میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پختونخوا محمود خان خود کورونا کی صورتحال کو دیکھ رہے ہیں ، ہم اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر ہر جگہ پہنچ رہے ہیں ، ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کی اجازت نہیں دیں گے، مرغی کے گوشت کی قیمتیں چیک کررہے ہیں، رعایت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام کے دوسرے مرحلے میں ایک لاکھ مستحق خاندانوں کو 12 ہزار روپے کو ملیں گے۔ مشیر اطلاعات نے کہاکہ عید کے دنوں میں دیا گیا ریلیف ختم کررہے ہیں اب صوبے میں دکانیں 5 بجے بند ہوا کریں گی جبکہ میڈیکل اسٹور اشیائے خوردونوش والی دکانیں اور تنذور ، بیکریز 24 گھنٹے کھلی رہیں گی جبکہ حجام کی دکانیں جمعہ ، ہفتہ اور اتوار کو کھلیں گی ۔