نجی تعلیمی اداروں کو ایس او پیز کے ساتھ مرحلہ وار کھولیں گے،غلام سرورخان

117

راولپنڈی(صباح نیوز) تعلیمی اداروں میں میٹرک، فرسٹ ائر اور سیکنڈ ائر کلاسز شروع کرنے کے لیے نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے منظوری لی جائی گی۔ نجی تعلیمی اداروں کو ایس او پیز کے ساتھ مرحلہ وار کھولنے کی سفارش کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے ایک 20رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔وفد کی قیادت ایپسما کے ڈویژنل صدر ابرار احمد خان نے کی۔ ملاقات میں چودھری خالد محبوب، چوہدری عطا ء الرحمن، عامر انور، عثمان گل، شیخ قمر احمد، راجہ ثنائاللہ، عاشق انجم، امجد خان، عاطف عزیز، صفدر حسین، عمران اعوان، زاہد اقبال بٹ، ظہیر بلوچ اور صابر جمیل کے علاوہ ایسوسی ایشن کے دیگرممبران شامل تھے۔ ابرار احمد خان نے غلام سرور خان کو نجی تعلیمی اداروں میں مرحلہ وار تعلیمی سرگرمیاں بحال کرنے اور ریلیف پیکیج دینے کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرنے کی درخواست کی۔ غلام سرور خان نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان قوم کے مسائل کا ادراک بھی رکھتے ہیں اور کورونا سے متاثر ہونے والے شعبوں کا درد بھی محسوس کرتے ہیں اور انھیں ریلیف بھی دینا چاہتے ہیں۔ اسی لیے انہوں نے بارہا اس بات کو دہرایا ہے کہ وہ مرحلہ وار ایس او پیز کے ساتھ تمام شعبہ جات کو کھولنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ غلام سرور خان نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ اگر تعلیمی ادارے کھولے گئے تو اساتذہ کرام ایس او پیز پر بہتر عملدرآمد کریں گے۔