سندھ پولیس کے افسر رانا شفیق کا کورونا کے باعث انتقال

299

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) سندھ پولیس کے افسر رانا شفیق سول اسپتال حیدرآباد کے آئیسولیشن وارڈ میں کورونا کے باعث انتقال کرگئے جبکہ صوبے میں اس عالمی وبا سے متاثر پولیس ملازمین کی تعداد 460 سے تجاوز کر گئی ہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق حیدرآباد پولیس رینج سے تعلق رکھنے والے انسپکٹر رانا شفیق میں چند روز قبل کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جس پر انہیں حیدر آباد کے سول اسپتال میں قائم آئسولیشن سینٹر منتقل کردیا گیا تھا جہاں گزشتہ رات رانا شفیق خالقِ حقیقی سے جا ملے۔حیدرآباد پولیس رینج میں 15 پولیس ملازمان میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے جن میں سے 7 صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 8 مریضوں میں سے رانا شفیق کے انتقال کے بعد اب یہ تعداد 7 رہ گئی ہے۔یہ تمام پولیس ملازمین حیدر آباد کے مختلف اسپتالوں یا میڈیکل سینٹرز میں زیر علاج اور کچھ اپنے گھروں پر آئسولیشن میں ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق سندھ پولیس کے 8 ملازمان کورونا وائرس سے انتقال کرچکے ہیں۔