کراچی(رپورٹ:منیرعقیل انصاری) کراچی میں لوگوں نے سنامکی کا استعمال حد سے زیادہ کر دیا ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق کورونا وائرس کے علاج کے لئے سنا مکی کا استعمال خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
اس حوالے سے طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ سنا مکی کا استعمال کرنا کوئی اچھا خیال نہیں ہے، اس کا استعمال قبض کی صورت میں کیا جاتا ہے، سنامکی کے بہت زیادہ استعمال سے پیٹ کا شدید درد ہو سکتا ہے۔
اس حوالے سے ایک ڈاکٹر نے اپنے ذاتی تجربے کے بارے میں بتایا ہے کہ میری والدہ بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئی ہیں اور میری ایک دوست بھی، میں نے خود بھی سنا مکی کا استعمال کیا تھا جس کے بعد ہمیں پیٹ میں شدید درد ہوا تھا۔
اس کے علاوہ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی کورونا کا شکار ہونے کے بعد صحت یابی کی خبر کے ساتھ بتایا تھا کہ انہوں نے سنا مکی کا قہوہ استعمال کیا تھا جس سے وہ صحت یاب ہو گئے ہیں۔
ان کے اس بیان پر بھی ڈاکٹروں کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایک ذمہ دار شخص اور سیاسی شخصیت کی جانب سے اس طرح کےبیان کی امید نہیں تھی۔
ہمارے ہاں لوگ تحقیق کے بغیر سنا مکی کا بہت زیادہ استعمال کر رہے ہیں جو نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔
ڈاکٹر بلقیس کہتی ہیں کہ کورونا وائرس کا علاج ثناء مکی جڑی بوٹی میں نہیں البتہ اسکے دیگر فوائد و نقصانات ضرور ہیں۔
ڈاکٹر بلقیس نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معدہ ٹھیک رہے گا تو جسم کی تمام بیماریاں بھی ٹھیک رہیں گی۔
انہوں نے کہا ثناء مکی کو مستقل طور پر اپنی عادت بنا لینا صحت کے لیے ٹھیک نہیں ورنہ آپ بغیر ثناء مکی استعمال کے بیت الخلاء جانا دشوار ہو جاتا ہے۔
ڈاکٹر بلقیس کا کہنا تھا کہ ثناء مکی کا غلط استعمال آپ کی صحت کو نقصان پہنچا سکتا ہے اور بچوں پر منفی اثرات ظاہر کر سکتی ہیں۔
دوسری جانب اگر پاکستان میں کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے تو اس کا وار بہت تیز ہو چکا ہے۔ پاکستان میں اب گزشتہ 24 گھنٹوں میں اموات کے لحاظ سے بدترین دن سامنے آیا ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا کے 4 ہزار 646 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 105 افراد کورونا کا شکار ہو کر جاں بحق ہو گئے۔
یہ تعداد ابھی تک پاکستان میں ایک دن میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد میں سب سے زیادہ ہے۔
مجموعی اعدادوشمار کی بات کی جائے تو ملک بھر میں کورونا کیسز کی تعداد 1 لاکھ 8 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ ابھی تک 2 ہزار 172 افراد کورونا کا شکار ہو کر جاں بحق ہو گئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں صحت مند ہونے والے مریضوں کی تعداد بھی 35 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
خیال رہے کہ کراچی میں سنامکی کی قیمت بھی معمول سے بہت زیادہ ہو گئی ہے۔ثناء مکی کے استعمال میں اضافے کے باعث اسکی فی کلو قیمت 1200 روپے تک پہنچ گئی ہے۔