خیبرپختونخوا حکومت کی ورکرز ویلفیئر فنڈ کے خاتمے کی مخالفت

85

پشاور (اے پی پی)خیبر پختونخوا حکومت نے ورکرز ویلفیئر فنڈ کے مرکزی سطح پر خاتمے اور اس کو صوبوں کے حوالے کرنے کی مخالفت کر دی۔ ورکرز ویلفیئر فنڈ کے خاتمے اور اس کو صوبوں کے حوالے کرنے کے لیے ون پوائنٹ ایجنڈے پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے تمام صوبوں کے وزرا اور سیکرٹریز کے ساتھ ملاقات کی، جس میں خیبرپختونخوا کے وزیر محنت اور ثقافت شوکت یوسفزئی نے ورکرز ویلفیئر فنڈ کے خاتمے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ یہ فنڈ ملک کے تمام مزدوروں کو سہولیات دینے کے لیے بنایا گیا جس سے ان مزدوروں کو علاج اور ان کے بچوں کو تعلیم دینے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے اس فنڈ کا مرکزی سطح پر خاتمہ مزدوروں اور ان کے خاندان والوں کے ساتھ زیادتی ہوگی۔ انہوں نے تجویز دی کہ جب تک صوبائی سطح پر کوئی مکینزم نہیں بن پاتا اس فنڈ کو ختم نہیں کرنا چاہیے۔ صوبائی وزیر نے موقف اپنایا کہ ہمارا صوبہ ماضی میں بدترین دہشت گردی کا شکار رہا جس کی وجہ سے یہاں صنعتوں کی تعداد میں بھی کافی کمی ہو گئی ہے اور صنعتوں کے بھی زیادہ تر دفاتر دوسرے صوبوں میں قائم ہیں جس کی وجہ سے ورکرز ویلفیئر فنڈ میں رقوم وہاں سے جمع ہو جاتی ہیں۔ اس فنڈ میں تمام مزدوروں کا برابر حصہ ہے۔