سعودی عرب کے ساتھ خوشگوار تعلقات ہیں،امریکی محکمہ خارجہ

261

امریکی محکمہ خارجہ  نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کو کسی بھی صورت میں ایٹمی طاقت تسلیم نہیں کیا جائیگا۔ کانگریس کے بل کے باوجود سعودی عرب سے تعلقات خراب  کرنے کے حق میں نہیں ۔

ہفتہ کو واشنگٹن میں میڈیا بریفنگ کے دوران امریکی محکمہ خارجہ کی پریس امور کے متعلق ڈائریکٹر ایلز بتھ ٹروڈو کا کہنا تھا کہ کانگریس نے 11 ستمبر حملوں کے متعلق بل پاس کرلیا ہے۔ بل کے تحت 11 ستمبر حملے کے متاثرہ خاندان سعودی عرب سے ہرجانے کا دعوی کرسکتے ہیں لیکن وائٹ ہاوس کہہ چکا ہے کہ صدر براک اوباما کانگریس کے اس بل کو ویٹو کریں گے،

امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب سے تعلقات خراب کرنے کا خطرہ مول نہیں لے سکتے ہیں۔ایک سوال پر ٹروڈو نے کہا کہ بھارت کو نیوکلیئر سپلائر گروپ کی رکنیت نہ ملنے پر  مایوسی ہوئی، نئی دہلی کو این ایس جی کا رکن بنانے کیلئے کوششیں جاری ہیں اور توقع کررہے ہیں کہ بھارت جلد این ایس جی کا رکن بن جائیگا۔