سینٹری ورکرز کی تنخواہیں ایک ہفتے  میں ادا کردیںگے، سندھ حکومت

81

اسلام آباد (اے پی پی) کورونا وائرس ازخود نوٹس کیس میں سندھ حکومت نے پیشرفت رپورٹ عدالت عظمیٰ میں جمع کرا دی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سینٹری ورکرز کی تنخواہیں ایک ہفتے میں ادا کر دی جائیں گی، صوبے بھر میں سینٹری ورکرز کو
حفاظتی طبی سامان مہیا کیا جا رہا ہے، سینٹری ورکرز کو پی پی ایز کی مسلسل فراہمی کیلیے بجٹ میں فنڈز مختص کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، سینٹری ورکرز سے متعلق قانون سازی بھی کی جائے گی جبکہ کام کی جگہ پر صفائی ستھرائی اور عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلیے بھی قانون سازی کی جائے گی۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران صوبے بھر میں کورونا مریضوں کی تعداد 32 ہزار 910 سے بڑھ کر 59 ہزار 983 تک پہنچ گئی ہے، بروقت اقدامات کے سبب کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی ریکوری 49 فیصد سے بڑھ کر 49.6 فیصد ہو گئی ہے، شرح اموات 1.5 فیصد ہے، صوبے بھر میں 21 لیبارٹریوں میں روزانہ 11 ہزار 486 ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں جبکہ قومی رابطہ کمیٹی اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اتفاق رائے سے تیار کردہ مشترکہ حکمت عملی کے تحت سندھ میں کورونا وائرس سے متاثرہ علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن بھی کیا جارہا ہے۔