ِان ہائوس تبدیلی لاکر بھی مسائل حل نہیں ہوں گے‘ جاوید ہاشمی

65

ملتان(صباح نیوز)سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ مقتدر حلقوں سے ہاتھ جوڑ کر گزارش کرتا ہوں کہ موجودہ پارلیمنٹ کو اپنی مدت پوری کرنے دیں کیونکہ اِن ہائوس تبدیلی لاکر بھی مسائل حل نہیں ہوں گے۔ جنوبی پنجاب کا صوبائی دارالحکومت ملتان ہونا چاہیے۔ شوگر مافیا کو بچانے کے لیے عمران خان خود اس پر پردہ ڈال رہے ہیں۔ملتان پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ ملک کی خارجہ پالیسی مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ شاہ محمود کہتے ہیں کہ کورونا کام نہیں کرنے دے رہا اس لیے میں ناراض اتحادیوں کو منا رہا ہوں۔ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے کورونا کی وبا کنٹرول
سے مکمل طور پر باہر ہوچکی ہے۔مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ ان ہائوس تبدیلی کے حق میں نہیں ہوں اگرچہ یہ قانونی طریقہ ہے۔ لگ رہا ہے کہ عمران خان خود جائیں گے تو پارلیمنٹ گرا کر جائیں گے۔ ہاتھ جوڑ کر کہتا ہوں کہ پارلیمنٹ کو چلنے دیں۔ عمران خان نے شوگر بحران پر خوبصورتی سے پردہ ڈال دیا ہے۔ بحران کے ذمے داروں کو سزا نہیں ہوگی۔