(ن) لیگ نے ملازمین کی تنخواہ بڑھانے کامطالبہ کر دیا

54

اسلام آباد( آن لائن)مسلم لیگ (ن) نے معیشت کی بہتری کے لیے حکومت کو تجاویز دیدیں جبکہ بجٹ میںسرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں فوری اضافے،ٹیکس پر نظر ثانی ، پی ایس ڈی پی بڑھانے اور پالیسی ریٹ کم کرنے کا مطالبہ کر دیا ۔ جاری بیان کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما ،سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے وفاقی بجٹ میں ملکی معیشت ٹھیک کرنے کے لیے حکومت کو تجاویز دے دیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہیں فوری طور پر بڑھائی جائیں،ٹیکس پر نظر ثانی ، پی ایس ڈی پی بڑھانے اور پالیسی ریٹ کم کیا جائے، پالیسی ریٹ کم کریں تاکہ قرض ادائیگی میں کمی اور حکومتی
آمدن کے مسائل ٹھیک ہوں، قومی زندگی کا یہ ایک بہت مشکل مرحلہ ہے، کورونا حکومت کی غلطی نہیں لیکن اس سے بہتر طورپر نمٹنا حکومت کی ذمے داری ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت درست اقدامات کرے تو اگلے سال معیشت بہتر ہوسکتی ہے ،ضروری ہے کہ گورنراسٹیٹ بینک پالیسی ریٹ میں کمی کریں ،وزیر خزانہ پی ایس ڈی پی بڑھائیں تاکہ معیشت کا پہیہ چلے ورنہ حالات مزید خراب ہوجائیں گے ،کورونا کی وجہ سے بیرونی محاصل میں تبدیلی نہیں ہوئی ،لوکل فائنانسز اور مینجمنٹ خراب ہوئی ہے ، کورونا کا اس میں عمل دخل نہیں ،مسائل کی وجہ پی ٹی آئی کا پالیسی ریٹ میں اضافہ، روپے کی قدر میں کمی اور غلط مینجمنٹ ہے ،معیشت انتہائی برے حالات میں ہے، کورونا کی وجہ سے خاص طورپر پوری دنیا میں معیشت متاثر ہوئی ہے ، کورونا حالات کے ساتھ گزشتہ 2 برس کے دوران پی ٹی آئی حکومت کی معاشی کارکردگی کا بھی جائزہ لینا ہوگا۔