جج شیر بانو کی دوبارہ تعیناتی کیخلاف درخواست پر اٹارنی جنرل کو نوٹس

65

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے شیر بانو کریم کی دوبارہ تعیناتی کے خلاف دائر درخواست پر اٹارنی جنرل آف پاکستان کو 15 جولائی تک نوٹس جاری کرتے ہوئے طلب کرلیا۔ پیر کو جسٹس عمر سیال کی سر براہی میں 2 رکنی بینچ نے جج شیر بانو کریم کی دوبارہ تعیناتی کے خلاف نثار احمد تارڑ و دیگر کی درخواست کی سماعت کی، سماعت کے موقع پر جسٹس عمر سیال کا کہنا تھا کہ کیس میں وفاق کی جانب سے جواب آنا بہت ضروری ہے، احتساب عدالت کی فاضل جج اور رجسٹرار سندھ ہائیکورٹ نے تحریری جواب جمع
کرا رکھا ہے۔ دوران سماعت درخواست گزار نے عدالت کو آگاہ کیا کہ عدالت نمبر 3 کی جج شیر بانو کریم کو نیب آرڈیننس اور آئین کے تحت دوبارہ تعینات نہیں کیا جاسکتا ہے اور جج شیر بانو کریم کو عہدے سے ہٹا کر چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کی مشاورت سے صوبے کے کسی سینئر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کو تعینات کیا جائے جبکہ 30 اکتوبر 2019ء کے شیر بانو کریم کی دوبارہ تعیناتی کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دیا جائے، جج نے اپنے سوتیلے بیٹے کو نیب آفس کراچی میں لیگل اسسٹنٹ کے عہدے پر تعینات کرایا اور نیب کے تمام معاملات احتساب عدالت نمبر 3 کی جج کے سامنے پیش کیے جاتے ہیں لہٰذ استدعا ہے کہ احتساب عدالت نمبر 3 کی جج کو درخواست کے فیصلے تک کام سے روکا جائے۔