سندھ اسمبلی : نصرت سحر کو باگڑی کہنے پر شور شرابا۔ ہیر سوہوکی ڈنڈا مارنے کی دھمکی

105

 

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن کے اراکین آپس میں الجھ پڑے۔پیپلز پارٹی کی رکن اسمبلی کلثوم چانڈیو کی تقریر کے دوران گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے)ارکان نے شور شرابا کیا۔اس موقع پر کلثوم چانڈیو نے اپوزیشن رکن اسمبلی نصرت سحر عباسی کو باگڑی کہہ کر مخاطب کیا۔شور شرابے کے دوران ڈپٹی اسپیکر نے با ر بار نصرت سحر سے خاموش رہنے کی اپیل کی اور کہا کہ آپ یہ جھگڑا بند کریں اور ہائوس کو متاثر نہ کریں۔اس موقع پر امتیاز شیخ اور مکیش کمار چائولہ نے مداخلت کی اور اسپیکر سے ہائوس آرڈر میں لینے کا مطالبہ کیا۔مکیش چائولہ نے ڈپٹی اسپیکر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ رویہ ناقابل برداشت ہے، آپ ہائوس کنٹرول کرنے کی کوشش کریں۔انہوں نے نصرت سحر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میری بہن تم ٹی وی پر آگئی ہو، اب تو خاموش ہوجائو۔مکیش چائولہ نے کہا کہ اگر یہ(نصرت سحر)خاموش نہ
ہوئیں تو میں اپنے ارکان کو بھی چپ نہیں کرواسکوں گا۔نصرت سحر عباسی نے کہا کہ سندھ میں کرپشن کرنے کے لیے سسٹم بنے ہوئے ہیں،محکمہ ثقافت میں قناصرو سسٹم کی کرپشن سب کے سامنے ہے،اسمبلی میں احتجاج کیا تو میرے خلاف سوشل میڈیا مہم چلائی گئی مجھے گالیاں دی گئیں،آج ایک اور خاتون بھی سٹی کورٹ میں کرپشن کے خلاف بولی ہے، انہوں نے صوبائی وزیر صحت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ اربوں روپے این جی او ایمبولینس چلانے کے لیے دیے گئے مگرجھرک میں ڈوبنے والے بچوں کو ایمبولینس نہیں ملی اسی طرح کندھ کوٹ میں ایک خاتون نے کچرے کے ڈھیر پر بچے کو جنم دیا،وہ بچہ علاج نہ ہونے کے سبب چل بسا،وزیر صحت کو اس کا جواب دینا پڑے گا۔علاوہ ازیں اجلاس میں پیپلزپارٹی کی ہیر سوہو نے بھی شرکت کی اور اس دوران وہ کچھ غصے میں نظر آئیں۔ہیرو سوہو نے دھمکی دی کہ اگر مجھے تقریر کے دوران کسی نے تنگ کیا تو ڈنڈا ماردوں گی۔ہیرو سوہو کے بیان پر اپوزیشن اراکین نے اسمبلی میں شور شرابا کیا۔