حکومت شاہراہوں کی مرمت کے کام کا وعدہ پورا کرے ،ڈاکٹرخالد محمود

118

دھیرکوٹ(پ ر) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ حکومت بشارت شہید اور گھوڑی چپڑیاں روڈ سمیت دیگر وعدے پورے کرے ،وزیر اعظم آزادکشمیر با ر ہا ان شاہرات کی تعمیر کا وعدہ کر چکے ہیں لیکن تا حال عمل درآمد نہیں ہوا ،غربی باغ مسائل زدہ علاقہ ہے اگرچہ حکمرانی زیادہ تر یہاں سے ہی ہوتی رہی ،غربی باغ کی جماعت اس حوالے سے جو کال دے گی جماعت اسلامی آزادکشمیر اس کو آن کرے گی۔ان خیالات کااظہار انہوں نے میجر لطیف خلیق،جاوید عارف،نثار احمد شائق سمیت دیگر قائدین کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر مسلم کانفرنس کے مری کے سیکرٹری جنرل نسیم عباسی ساتھیوں سمیت جماعت اسلامی میں شامل ہوئے۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ ہمارا چھوٹا سا آزاد خطہ ہے 70سالوں سے پسماندہ چلا آ رہا ہے اگر دیانتدار ی سے بجٹ درست استعمال ہو جاتا تو یہ آزاد خطہ تعمیر وترقی میں سوئزر لینڈ سے آگے ہوتا لیکن بد قسمتی سے نالائق اور نا اہل قیادت اس خطے پر مسلط رہی جس کی وجہ سے آج ہم بنیادی سہولیات کے لیے بھی احتجاج کی کال دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ غربی باغ سے قیادت اکثر برسراقتدار رہی لیکن اس حلقے کے لیے کچھ نہیں کیا ،انہوں نے کہاکہ دیانتدار قیادت ہی عوامی مسائل حل کرسکتی ہے جماعت اسلامی بیس کیمپ کی خوشحالی اور کشمیر کی آزادی کے لیے مصروف عمل ہے۔اس موقع پر انہوں نے مطالبہ کیا کہ جہالہ پدر مستو روڈ دھیرکوٹ شکرپڑیاں روڈ ،دھیرکوٹ سنگڑ بٹھارہ روڈ پر جلد کام شروع کیا جائے۔ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا آر ایچ سی ارجہ ،سیسر،دھیرکوٹ اور دیگر مقامات پر ڈاکٹرز اور عملے کی فراہمی کا فوری اہتمام کیا جائے ۔ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ ہمارا اکثر بجٹ لیپس ہوجاتا ہے جو نااہلی کا کھلا ثبوت ہے اس بجٹ کو لیپس کروانے کے بجائے ان سڑکوں کی تعمیر کے لیے فراہم کیا جائے جس کا خود وزیر اعظم وعدہ کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس سے وزیر اعظم کی پوزیشن بھی خراب ہوتی ہے اور عوامی مسائل بھی باقی رہتے ہیں اس لیے ہمارا مطالبہ ہے کہ وہ وزیر اعظم اپنے وعدے کا پاس کرتے ہوئے ان مطالبات پر عمل درآمد کروائیں۔