پیٹرول کی قیمتوں پر اپوزیشن کا واویلا سمجھ سے بالاتر ہے،اجمل وزیر

169

پشاور(اے پی پی)مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے کہا ہے کہ پیٹرول کی قیمتوں پر اپوزیشن کا واویلا سمجھ سے بالاتر ہے،پیٹرول کی قیمتوں کا تعین عالمی مارکیٹ کے مطابق ہوتا ہے یہ سب کو پتا ہے،ماضی میں پیٹرولیم سیکٹر پر چیک اینڈ بیلنس نہیں رکھا گیا، عمران کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے تو ان سے ہضم نہیں ہورہا ہے، اپوزیشن مشکل کی اس گھڑی میں منفی سیاست سے گریز کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں کو پریس بریفینگ دیتے ہوئے کیا۔اجمل وزیر کا کہنا ہے کہ نیب جس پر بھی ہاتھ ڈالتا ہے تو الزام عمران خان پر لگاتے ہیں، کورونا نے پوری دنیا کی معیشت کو ہلا کر رکھ دیا ہے، اپوزیشن مشکل کی اس گھڑی میں سیاست ضرور کرے لیکن پاکستان کے مستقبل سے کھیلنا بند کرے،منفی سیاست نے ملک کو تباہی کے نہج پر پہنچایا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹڈی دل پر قابو پانے کے لیے 15 اضلاع میں 54لاکھ 12 ہزار 790ایکڑ اراضی پر سروے مکمل کیا گیا ہے ،61ہزار 687ایکڑ اراضی پر اسپرے کا عمل مکمل کیا گیا ہے، 80ٹیمیں اور 78گاڑیاں ٹڈی دل کیخلاف کارروائیوں میں مصروف عمل ہیں،وزیراعلیٰ محمود خان کورونا اور ٹڈی دل کے حوالے سے تمام انتظامات کی خود نگرانی کررہے ہیں۔