مظفرآباد ( صباح نیوز) وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر راجا محمد فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کشمیر کے حوالے سے جارحانہ پالیسی اختیار کرے، پاکستان کے ساتھ شامل ہونے کے لیے کشمیری 72 سال سے جدوجہد کر رہے ہیں، کشمیر کوئی زمینی تنازع نہیں، یہ ہمارے حق خودارادیت کا مسئلہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قانون ساز اسمبلی میں بجٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اگر گلگت بلتستان کی بات کرتا ہے تو آپ کو جونا گڑھ کی بات کرنی چاہیے، گزشتہ4 سال کے دوران مسلم لیگ ن کی حکومت نے اپنے منشور کے مطابق ترجیحات کا تعین کر کے ان پر عمل درآمد کیا، آزادکشمیر کو آئینی، مالیاتی، انتظامی لحاظ سے با اختیار بنایا۔ کشمیر کوئیProxy warنہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان سے اپیل کرتا ہوں کہ چیئرمین کشمیر کمیٹی کسی کشمیر کے حوالے سے باخبر شخص کو لگایا جائے۔ کشمیریوں نے اپنی نسلوں کو محفوظ بنانے کے لیے پاکستان کے ساتھ الحاق کا فیصلہ کیا اور یہ فیصلہ ناقابل تنسیخ ہے۔ وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر راجا محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہخاتون جنت ؓ کی شان میں گستاخی کرنے والے کے لیے کوئی معافی نہیں، اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔