جے یو آئی(ف) کے وفد کی دفتر جماعت اسلامی آمد ،منورحسن کی وفات پرتعزیت

109

راولپنڈی(وقائع نگارخصوصی)جمعیت علما اسلام (ف) ضلع راولپنڈی کے امیر مولاناڈاکٹر ضیاالرحمن امازئی ٗڈپٹی جنرل سیکرٹری محمد زبیر عباسی اور قاری کرامت اور دیگر نے گزشتہ روزدفتر جماعت اسلامی آکر سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی ٗ جنرل سیکرٹری سید عزیر حامد ٗنائب اُمراء شیخ مسعو د احمد ٗچودھری منیر احمد ٗڈپٹی جنرل سیکرٹری راجا ممتاز حسین ٗ جاوید اختر ٗ چودھری ظفر یاسین ٗسیکرٹری اطلاعات ملک محمد اعظم اور دیگر عہدیدارا ن بھی موجود تھے۔اس موقع پرسابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن ٗ جامعہ رشیدیہ کراچی کے مہتمم مفتی محمد نعیم ٗپیر عزیزالرحمن ہزاروی اور دیگر علما کرام کی مغفرت اور بلندی درجات کے لیے دُعا کی گئی۔ ڈاکٹر ضیا الرحمن اما زئی نے کہا کہ سید منور حسن کی رحلت دینی جماعتوں کا بہت بڑا نقصان ہے۔اس سے ایک خلا پیدا ہوا ہے۔ان کی خدمات نا قابل فراموش ہیں۔دینی جماعتیں آپس کے اتحاد و اتفاق کے ذریعے سے اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے جدو جہد کریں۔سید عارف شیرازی نے کہا کہ مغربی طاقتوں نے جہاد کو دہشت گردی بنا دیا ٗمگر سید منور حسن نے ہر پلیٹ فارم پر ڈٹ کر حق کی آواز بلند کی۔ان کا مؤقف بڑا واضح تھا۔ اس پر کوئی کمپرومائز نہیں کیااور نہ ہی کبھی معذرت خواہانہ رویہ اختیار کیا۔قاری کرامت نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ سید منور حسن کے مشن اور کاز کوآگے بڑھانے کے لیے ہمیں کام کرنا چاہیے۔