پشاور(وقائع نگار خصوصی) فلاحی ادارے ایسوسی ایشن آف فزیشن آف پاکستانی ڈیسنٹ آف امریکا (APPNA)نے حالیہ کورونا وبا کے دوران ملک کے معروف فلاحی ادارے الخدمت فاؤنڈیشن کو کورونا سے متاثرہ مریضوں کے علاج میں معاونت کے سلسلے میں 120آکسیجن سلنڈرز اور آکسی میٹر عطیہ کر دیے ہیں جو کورونا سے متاثرہ ان مریضوں کو فراہم کیے جا رہے ہیں جو کہ اپنے گھروں میں آئسولیشن کے دوران سانس کی تکلیف میں مبتلا ہیں اور انہیں گھروں پر آکسیجن کی ضرورت ہوتی ہے۔الخدمت فاؤنڈیشن خیبر پختونخواکے صدر خالد وقاص نے کہا ہے کہ حالیہ کورونا وبا کے دوران الخدمت فاؤنڈیشن پہلے دن سے میدان میںہے اور کورونا متاثرین کی امداد کے لیے گرانقدر خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں اضافے اوراسپتالوں میں بیڈز کی کمی کے پیش نظر بڑی تعداد میں متاثرہ مریض اپنے گھروں میں آئسولیشن اختیار کیے ہوئے ہیں جن میں بعض اوقات مریضوں کو سانس کی شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے الخدمت فاؤنڈیشن نے ایسے مریضوں کو آکسیجن سلنڈر فراہم کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے اور اس مقصد کے لیے معروف فلاحی ادارے APPNA کی جانب سے عطیہ شدہ 60آکسیجن سلنڈرز اور 60آکسی میٹر الخدمت فاؤنڈیشن خیبر پختونخوا کو موصول ہوئے ہیں جو ضرورت مند مریضوں کو گھروں پر پہنچا دیے جاتے ہیں اور صحت یاب ہونے کے بعد آکسیجن سلنڈر دوسرے ضرورت مند مریضوں کو مہیا کیے جاتے ہیں۔خالد وقاص نے مزید کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن نے پشاور میں واقع الخدمت اسپتال نشترآباد میں کورونا سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کے لیے اینٹی باڈی ٹیسٹ اور پی سی آر سیمپل کلیکشن سینٹر کا آغاز کیا ہے اور عنقریب کورونا ٹیسٹ کی مکمل پی سی آر کا سلسلہ بھی الخدمت اسپتال نشترآباد میں شروع کیا جائے گا جس سے پشاور کے شہری بھی مہنگی لیبارٹریوں کے بجائے انتہائی رعایتی نرخ پر کورونا ٹیسٹ کی سہولت سے استفادہ کر سکیں گے۔