راولپنڈی (آن لائن) راولپنڈی میں انسداد منشیات کی خصوصی عدالت نے مسلم لیگ ن کے رہنما و سابق رکن قومی اسمبلی محمد حنیف عبا سی اوران کے اہل خانہ سمیت7 افراد کی جانب سے منجمد اثاثوں کی بحالی کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے اثاثے منجمد کرنے کا اقدام کالعدم قراردے دیا ہے۔ عدالت نے اے این ایف کی جانب سے اثاثے ضبط کرنے کی درخواستیں بھی مسترد کردیں اور حنیف عباسی کے کاروباری ساتھی احمد بلال، برادر نسبتی محسن خورشید سمیت ساتوں افراد کے تمام اثاثے، بینک اکائونٹس اور پراپرٹی بحال کردی‘ ایفی ڈرین کیس میں اے این ایف نے2018ء میں یہ اثاثے، بینک اکاؤنٹس منجمد کیے تھے‘ گزشتہ روز بحال کیے جانے والے اثاثوں میں حنیف عباسی کی ملکیت روات انڈسٹریل ایریا میں 4 کنال کا پلاٹ نمبر 2، ٹویوٹا مارکس نمبرکیویو056، ٹویوٹا پریمئم کار نمبر اے سی بی056 اور ہنڈا سوک کار نمبر این اے056 کے علاوہ 3 بینک اکائونٹ، ان کی اہلیہ کی ملکیت2 بینک اکائونٹس، بیٹے حماس عباسی اور بیٹی کے نام 2,2 بینک اکائونٹس ، بھائی باسط عباسی کے نام بحریہ ٹائون، بحریہ گرین سیکٹر1گلی نمبر26 میں پلاٹ نمبر72، ڈی ایچ اے سیکٹر ایف گلی نمبر3 میں ولا نمبر25 اور سوزوکی کار نمبر آر آئی ایس 2237 کے علاوہ 9 بینکوں میں اکائونٹ شریک ملزمان رانا محسن خورشید کے بحریہ ٹائون فیز4 گلی نمبر 22 میں مکان نمبر872 جبکہ احمد بلال کے نام بحریہ ٹائون، بحریہ گرین فیز8 سیکٹر1گلی نمبر25 میں پلاٹ نمبر73 کے علاوہ 2 بینک اکائونٹ شامل ہیں۔