پیتیس برس میں جو کام نہ ہوا وہ ہم نے 35مہینے میں کردیا،غلام سرور

150

راولپنڈی (آن لائن)ہوا بازی کے وفاقی وزیرغلام سرور خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے کوروناوبا کے دوران پاکستان کو نہ صرف دنیا کا سب سے بڑا150 ارب روپے کا سوشل پروٹیکشن پروگرام دیابلکہ راولپنڈی میں 50ارب روپے سے زاید کے لئی ایکسپریس وے اور رنگ روڈ سمیت مجموعی طور پر650ارب روپے ترقیاتی منصوبوں کے لیے مختص کیے پچھلی حکومتیں جو کام 35سالوں میں نہ کر سکیں ہم نے 35مہینے میں کر دکھایا ،پاکستان 2030 ء تک دنیا کی 5بڑی معاشی قوتوں میں شامل ہو گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی میںوزیر اعظم ٹائیگر فورس کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیاتقریب میں اراکین صوبائی اسمبلی، پی ٹی آئی کے رہنما طارق زمان، ٹائیگر فورس راولپنڈی کے ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیٹر عدیل احمد قریشی اور سرکاری حکام نے بھی شرکت کی۔ غلام سرور خان نے مزید کہا کہ ٹائیگر فورس مشکل حالات میں عوامی فلاح کا کام کر رہی ہے جس کا مقصددکھی انسانیت کی خدمت ہے ،فورس کے نوجوان اپنے وسائل اور وقت قوم کو دے رہے ہیں،جو کام سرکاری اہلکاروں سے مشکل سے لیا جاتا تھا وہ ٹائیگر فورس خوش دلی سے کر رہی ہے ،تحریک انصاف کی حکومت اور قوم نے جس طرح کورونا وبا کا سامنا کیا وہ اپنی مثال آپ ہے ۔