جماعت اسلامی ہمیشہ حق اور سچ کے ساتھ کھڑی رہی ہے،عتیق الرحمن

159

پشاور(وقائع نگار خصوصی)ریگی گڑھی اکرام اللہ کے عمائدین کے وفد نے امیر جماعت اسلامی پشاور عتیق الرحمن سے ملاقات کی۔ وفد نے ڈی ایچ اے کی طرف سے وہاں کے عوام کے لیے پیدا ہونے والی مشکلات پر امیر ضلع عتیق الرحمن کو تفصیلات بتائیں۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی پشاور عتیق الرحمن نے وفد کو یقین دہانی کروائی کہ جماعت اسلامی ہمیشہ حق اور سچ کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔ گڑھی اکرام کے عوام کے ساتھ کوئی ظلم زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈی ایچ اے کا نام استعمال کرکے کچھ مفاد پرست عناصر بدامنی کو ہوا دے رہے ہیں۔ گڑھی اکرام اللہ کے سیکڑوں گھرانوں کو زندگی کا تحفظ دینا پولیس اور امن قائم رکھنے والے اداروں کا کام ہے ۔ وہاں کے رہائشیوں کو مارنے اور اُن پر تشدد کرنے والے اور فائرنگ کے ذریعے دہشت پھیلانے والے گروپوں کو پکڑنے کے بجائے پولیس نے بے گناہ افراد کو حوالات میں بند کردیا اور جرائم پیشہ افراد جو گڑھی اکرام اللہ کے رہائشی سیکڑوں گھرانوں کو وہاں سے بیدخل کرنے کے لیے خوف وہراس پھیلا رہے ہیں۔ پولیس اُن جرائم پیشہ افراد کی پشت پناہی کررہی ہے۔گڑھی اکرام اللہ کے باسیوں کے پاس اپنی زمینوں کے انتقالات موجود ہیں۔ 50/40سال قبل یہ زمینیں انہوں نے قانونی طریقے کار کے تحت خریدیں ہیں۔ ڈی ایچ اے اپنے پروجیکٹ کو کامیاب بنانے کے لیے جرائم پیشہ افراد کے بجائے انتقالات کے حامل مالکان کے ساتھ بیٹھ کر معاملات طے کرے ۔ جماعت اسلامی پشاور اس مسئلے کے حل کے لیے ہرممکن اقدام اور کوشش جاری رکھے گی۔ گڑھی اکرام اللہ کے مظلوم اور غریب رہائشیوں کو ان کا قانونی اور انسانی حق دلانے کے لیے ہرسطح پر منظم کوشش کی جائے گی۔