عراق میں امریکی سفارتخانے اور فوجی تنصیبات پر حملے

121

 

بغداد(مانیٹرنگ ڈیسک) عراق میں امریکی سفارتخانے اور فوجی تنصیبات پر راکٹوں سے حملے کیے گئے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق عراق کے ریڈ زون میں واقع امریکی سفارتخانے پر ایک راکٹ داغا گیا جسے امریکی سفارت خانے میں نصب ائر ڈیفنس نظام نے فضا میں ناکارہ بنا دیا تاہم راکٹ کے پرزے قریبی عمارت سے ٹکرائے اور ایک ٹکڑا لگنے سے بچہ زخمی ہوگیا۔ راکٹ حملے سے امریکی سفارتخانے کے قریب رہائشی عمارت کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے،عراقی فوج کے ترجمان نے حملے کی تصدیق کی ہے۔دوسری جانب شمالی بغداد میں واقع امریکی فوج کے تاجی بیس پر راکٹ حملہ کیا گیا ہے تاہم امریکی فوجیوں نے اس حملے کو بھی ناکام بنادیا۔ عراقی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دونوں حملے بغداد کے علاقے علی الصالح سے کیے گئے، چند ماہ سے امریکی فوجی تنصیبات اور سفارت خانے میزائل حملوں کی زد میں ہیں۔ علی الصالح ایران نواز قوتوں کا گڑھ سمجھا جاتا ہے۔عراقی فوج نے کہا ہے کہ عراق میں امریکی تنصیبات راکٹ حملوں کے نشانے پر ہیں۔