مشیر اطلاعات پختونخوا اجمل وزیر کوکمیشن طلب کرنے پر عہدے سے ہٹادیا گیا

109

پشاور (صباح نیوز) صوبائی حکومت نے اشتہارات میں کمیشن لینے کے الزام میں مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا اجمل وزیرکو عہدے سے ہٹا کر معاون خصوصی کامران خان بنگش کو محکمہ اطلاعات کا اضافی چارج دے دیا ہے۔ اجمل وزیر کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا اجمل وزیر اور اشتہاری ایجنسی کے درمیان کمیشن لینے کی مبینہ آڈیو ٹیپ لیک ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے معاملے کی تحقیقات کی ہدایت کر دی۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے فیکٹس فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دینے کے احکامات دے دیے۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے اجمل وزیر کے آڈیو ٹیپ سے متعلق چیف سیکرٹری کو مراسلہ ارسال کردیا ہے جس میں آڈیو ٹیپ کے حوالے سے حقائق کی انکوائری کا کہا گیاہے۔ذرائع کے مطابق مراسلے میں اس معاملے پر فوری طور پر کارروائی کرنے کا کہا گیا ہے۔ مبینہ آڈیو میں اجمل وزیر پر اشتہاری کمپنی سے کمیشن لینے کا الزام عاید کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ 3 مارچ 2020ء کو وزیر اطلاعات شوکت یوسف زئی کو ان کے عہدے سے ہٹا کر اجمل وزیر کو یہ قلمدان سونپا گیا تھا۔