مقبوضہ کشمیر، فوجی آپریشن میں شہید 5نوجوان سپرد خاک

109

سری نگر (آن لائن) جنوبی کشمیر کے 2 اور شمالی کشمیر کے 3 شہید نوجوانوں کو شمالی کشمیر کے بارہمولہ قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ 2 کشمیر نوجوان پیر کو جنوبی کشمیر کے اسلام آباد قصبے میں شہید ہوئے تھے جبکہ اتوار کو شمالی کشمیر کے سوپور قصبے میں 3 نوجوان شہید ہوئے تھے۔ پو لیس کے مطابق لاشیں شیری بارہمولہ قبرستان میں سپرد خاک کر دی گئیں۔ ان دنوں بھارتی فوج فوجی آپریشن میں شہید نوجوانوں کی لاشوں کو لواحقین کے حوالے کرہی ہے اور نہ ان کی شناخت ظاہر کی جارہی ہے۔علاوہ ازیں بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ سینئرحریت رہنما محمد اشرف صحرائی اور جماعت اسلامی کے کچھ کارکنوں کی گرفتاری اوران پرکالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کا نفاذ قابض بھارتی حکام کی مایوسی اور بوکھلاہٹ کا ایک اور ثبوت ہے۔اپنے ٹویٹ پیغامات میں انہوں نے کہاکہ اس طرح کے جابرانہ اقدامات سے قابض حکام کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا ،کشمیری عوام بھارت کے جابرانہ اقدامات کے سامنے نہیں جھکیں گے ۔مزید برآں مقبوضہ کشمیر کی ایک عدالت نے غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے ایکٹ کے تحت غیر قانونی نظربند 57 سالہ خاتون کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی ہے۔ قابض فوج اور پولیس اہلکاروں کی مشترکہ ٹیم نے ضلع کولگام میں شہید نوجوان کی والدہ نسیمہ بانو کو جون میں ان کی رہائش گاہ پر ایک گھر میں چھاپے کے دوران حراست میں لیا تھا۔