کرپشن کرنیوالے کوکسی صورت نہیں چھوڑیں گے‘ وزیراعلیٰ پختونخوا

102

پشاور (آن لائن) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ جو بھی کرپشن کر ے گا‘ اس کو نہیں چھو ڑیں گے‘ پیپلز پارٹی کو شرم آنی چاہیے اور تھر کی طرف دیکھنا چاہیے‘ پیپلز پارٹی نے سندھ کا بیڑاغرق کر دیا‘ جتنے یہ چور ڈاکو ہیں اتناکوئی بھی نہیں‘آپ نے سندھ کی 15 سالہ حکومت میں کیا کیا ؟ سندھ حکومت کوئی ایک منصوبہ بتائے جس میں کرپشن نہ ہو‘ ان کی گندم چوہے کھا جاتے ہیں اور بوریوں سے مٹی برآمد ہوتی ہے‘ ان کے ہر میگا پروجیکٹ میں کرپشن ہو تی ہے‘ جتنی کرپٹ سند ھ حکومت ہے‘ اتنی تو کوئی حکومت بھی نہیں‘ اگر کراچی نہ ہو تا تو سندھ کاحال ایک قبرستان سے بھی بد تر ہو تا‘ کراچی کی کما ئی یہ لو گ کھا رہے ہیں کیو نکہ وہا ں روز گار ہے۔ بدھ کو وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے جلوزئی اکنامک زون کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا ترقی کی جا نب گامزن ہو گا‘ ہم اپنے وسائل خود پید ا کریں گے اور اس سے پورے صوبے کو مستفید کریں گے‘ جلوزئی اکنامک زون کے منصوبے سے صوبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا‘ اب صنعتی ترقی نہیں رکے گی‘ جب حکومت سنبھالی تو مختلف چیلنجز کا سامنا تھا‘ ہائیڈل پروجیکٹ سے حاصل بجلی صوبے کے صنعتکاروں کو دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 257 ایکڑ اراضی پر محیط اس اکنامک زون میں8 ارب روپے کی نجی سرمایہ کاری متوقع ہے‘ روزگار کے بلواسطہ اور بلا واسطہ50 ہزار نئے مواقع پیدا ہوںگے‘ صوبائی دارالحکومت کے قریب ہونے، انجینئرنگ یونیورسٹی اور نئی ہاؤسنگ اسکیموں سے متصل ہونے کی وجہ سے یہ اکنامک زون حقیقی اہمیت کا حامل ہے جو دواسازی، فروٹ پراسسنگ، اسلحہ سازی، فوڈ پیکجنگ، فرنیچرز، کنسٹرکشن، ماربل، گرینائٹ اور دیگر صنعتوں کے لیے انتہائی موزوں ہے‘ اب تک اس نئے اکنامک زون میں مختلف قسم کی نئی صنعتیں لگانے کے لیے400 کے قریب درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔