کورونا سے متعلق غلط انفارمیشن کا پھیلاؤ روکنے کیلیے کمیٹی تشکیل

60

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئر ریٹائرڈ اعجاز احمد شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں کورونا وائرس سے متعلق غلط انفارمیشن کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔کمیٹی میں کل 9 ارکان شامل ہیں جس کی صدارت وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کریں گے۔دیگر ارکان میں ڈاکٹر فیصل سلطان، وزارت داخلہ، وزارت صحت، آئی ایس پی آر، ایف آئی اے، پی ٹی اے، پیمرا اور این
سی او سی کا نمائندہ کمیٹی کا حصہ ہوگا۔ کمیٹی لائحہ عمل کے مطابق غلط انفارمیشن کے پھیلاؤ کو روکنے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔اس سلسلے میں کمیٹی کا پہلا اجلاس وزارت داخلہ میں منعقد ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ غلط اور غیر تصدیق شدہ معلومات پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔انہوں نے کمیٹی کے شرکا کو ہدایت کی وہ اس فعل کو روکنے کے لیے ہر ممکن کارروائی کریں۔ اعجاز شاہ نے ڈائریکٹر سائبر کرائم ونگ ایف آئی اے کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مانیٹرنگ اور ایکشن کو بروقت بنائیں اور ذمے داروں کے خلاف فوری کارروائی کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کی فیک نیوز اور غلط انفارمیشن پھیلانے والے ملک اور عوام دوست نہیں ہیں۔اعجاز شاہ نے مزید کہا کہ کمیٹی کی تشکیل کا مقصد عوام تک صحیح معلومات کی رسائی کو یقینی بنانا ہے، غلط اور غیر تصدیق شدہ خبروں کا پھیلاؤ نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے، ہم تمام ممکن وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ذمے داروں کا پتا لگائیں گے۔میڈیا کے کردار پر وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ وہ اس سلسلے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے،الیکٹرونک میڈیا پر اس نوعیت کی خبروں کو مانیٹر کرتے ہوئے ان کے پھیلاؤ کو روکا جائے،ڈی جی پیمرا اس معاملے پر خصوصی توجہ دیں۔