شہباز شریف کی عبوری ضمانت میں 23 جولائی تک توسیع

102
لاہور:صدر مسلم لیگ ن شہبازشریف ہائیکورٹ میں پیشی کے بعد واپس جارہے ہیں

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ(ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی عبوری ضمانت میں 23 جولائی تک توسیع کردی۔ہائیکورٹ میں نیب انکوائری میں شہباز شریف کی عبوری ضمانت میں توسیع کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ شہباز شریف
آمدن سے زاید اثاثے اور منی لانڈرنگ سے متعلق نیب انکوائریز میں ضمانت کے لیے پیش ہوئے۔شہباز شریف نے عدالت سے استدعا کی کہ نیب کے پاس زیر التواء انکوائری میں گرفتار کیے جانے کا خدشہ ہے، عبوری ضمانت منظور کی جائے۔شہباز شریف کی پیشی کے موقع پر لیگی کارکن ہائیکورٹ کے باہر جمع ہوئے۔ انہوں نے حکومت کے خلاف اور اپنے قائدین کے حق میں خوب نعرے بازی کی۔ لیگی کارکنوں کی پولیس کے ساتھ دھکم پیل بھی ہوئی۔علاوہ ازیں شہباز شریف نے وزیراعظم عمران خان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پائلٹس نہیں یہ حکومت، وزیراعظم اور وزیر جعلی ہیں۔ ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ عالمی سطح پر ملک کی بدنامی کا باعث بننے اور قومی ادارے کو اربوں کا نقصان پہنچانے پر وزیراعظم عمران خان مستعفی ہوں۔انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) سول ایوی ایشن اتھارٹی کے خط کے بعد وزیراعظم اور وزیر ہوا بازی غلام سرور کے خلاف کارروائی ہونی چاہے۔شہباز شریف نے کہا کہ وزیراعظم ملک کو پہنچنے والے اربوں روپے کے نقصان کے ذمے دار ہیں، سرکاری خزانے کو نقصان پہنچا،یہ ہوتا ہے اختیارات کا ناجائز استعمال اور کرپشن۔