بلوچستان حکومت عوام کو روزگار دینے میں ناکام ہوچکی، شیخ جعفر

173

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ (ق) بلوچستان کے صدر شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت عوام کو روزگار دینے میں ناکام ہوچکی ہے، لوگوں کو روزگار دینے کے لیے پہلے سے جو راستے موجود تھے ان کو بند کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، پاک افغان بارڈر پر لو گوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے بلوچستان حکومت ہنگامی بنیادوں پر وفاق سے بات کرے اگر لوگوں پر زبردستی روزگار کے دروازے بند کرنے کی کوشش کی تو اس کے انتہائی منفی نتائج برآمد ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم شروع دن سے کہہ رہے ہیںکہ موجودہ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نہیں ہے اور لوگوں پر روزگار کے دروازے بند کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، عوام اپنے حقوق اور روزگار کے لیے شدید گرمی میں احتجاج پر مجبور ہے مگر ان تمام تر حالات کے باوجود حکومتی مذاکراتی ٹیم چمن گئی اور وہاں کے لوگوں کے مسائل سنے مگر بد قسمتی سے موجودہ حکمرانوں کے پاس لوگوں کے مسائل حل کرنے کا اختیار نہیں ہے، اس لیے جب حکومت کوئی مسئلہ حل نہیں کرنا چاہتی تو کمیٹی بنا کر مذاکرات کر سبوتاژ کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ق عوام کو خوشحال دیکھنا چاہتی ہے، اگر عوام پر روزگار کے دروازے بند کرنے کی کوشش کی گئی تو مسلم لیگ ق دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر احتجاجی تحریک شروع کرے گی۔